عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارک باد
پاکستان کے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤٹنس سے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی انتخاب میں کامیابی پر مبارک باد دی گئی ہے۔
جیل میں قید عمران خان کے 'ایکس' اکاؤنٹ سے بدھ کو شیئر کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ وہ اور اُن کی جماعت تحریکِ انصاف ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدارتی انتخاب جیتنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
پیغام میں کہا گیا کہ نو منتخب صدر جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے باہمی احترام پر مبنی پاکستان امریکہ تعلقات کے لیے بہتر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ عالمی سطح پر امن، انسانی حقوق اور جمہوریت کے لیے زور دیں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان اس وقت جیل میں ہیں اور انہیں مختلف کیسز کا سامنا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن میں کامیابی؛ ایرانی کرنسی کی قدر میں تاریخی کمی
ایران کی کرنسی ایک ایسے وقت اپنی تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے جب امریکہ کے صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح برتری حاصل ہوچکی ہے۔
تہران کے منی ٹریڈرز کے مطابق ایران میں ایک ڈالر کی قیمت سات لاکھ تین ہزار ریال ہوگئی ہے اور اس میں مزید تبدیلی کا امکان بھی ہے۔
ایران کا مرکزی بینک مقامی کرنسی کی قدر میں استحکام کے لیے ماضی کی طرح مداخلت کر سکتا ہے۔
سال 2015 میں جب ایران نے عالمی قوتوں سے جوہری معاہدہ کیا تھا تو اس کی مقامی کرنسی کی قدر ایک ڈالر کے مقابلے میں 32 ہزار ریال تھی۔ رواں برس جولائی میں یہ قدر پانچ لاکھ 84 ہزار فی ڈالر ہوگئی تھی۔
ایران میں خدشات پائے جاتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدارت سنبھالنے کے بعد تہران مزید پابندیاں عائد کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر منتخب
ری پبلکن صدارتی اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ الیکشن جیتنے کے لیے درکار الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
وائس آف امریکہ کی گنتی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 277 الیکٹورل ووٹ مل چکے ہیں جب کہ صدر بننے کے لیے 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ ڈیمو کریٹک صدارتی اُمیدوار کاملا ہیرس اب تک 224 ووٹ حاصل کر سکی ہیں۔
صدارتی انتخاب کے لیے اہم سمجھے جانے والی سوئنگ ریاست وسکونسن میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے 270 کا ہندسہ عبور کیا۔ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نارتھ کیرولائنا، پینسلوینیا اور جارجیا سے بھی جیت گئے تھے۔
ترکیہ کے صدر کی ٹرمپ کو مبارک باد
ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد دی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں رجب طیب ایردوان کا کہنا تھا کہ ’’میں اپنے دوست ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ امریکہ کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔‘‘
انہوں نے امید ظاہر کے نئے دور میں امریکہ اور ترکیہ کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔