امریکی انتخابات: مختلف ریاستوں میں پولنگ کا آغاز
صدارتی انتخابات کے لیے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ نیویارک، نیو جرزی، نیو ہیمپشر ، کنیٹیکٹ اور ورجینیا میں ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رُخ کر رہے ہیں۔
ریاست ورمونٹ کے کچھ علاقوں میں پولنگ کا آغاز
امریکہ کی ریاست ورمونٹ کے کچھ علاقوں میں انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔
نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس کا مقابلہ سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہے۔
ریاست ورمونٹ میں متعدد ووٹرز ارلی ووٹنگ کے ذریعے پہلے ہی ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔
الیکشن میں کون ووٹ ڈال سکتا ہے؟
امریکی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے ووٹرز کا امریکی شہری، کم از کم 18 سال کا ہونا اور رہائشی شرائط پر پورا اترنا ضروری ہے۔ یہ معیارات مختلف ریاستوں میں مختلف ہیں۔
ووٹرز کے لیے لازم ہے کہ وہ ریاست میں ایک مخصوص تاریخ سے پہلے رجسٹرڈ ہوں۔
بعض ریاستوں میں سزا یافتہ مجرموں اور ذہنی طور پر غیر فعال لوگوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں۔
عام طور پر امریکہ سے باہر رہنے والے امریکی "ایبسنٹ بیلٹ" یعنی غیر حاضر ہوتے ہونے کی صورت میں مہیا کی گئی سہولت کی تحت ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
تاہم صدارتی انتخاب کے لیے ایسے افراد جو امریکہ کے پورٹو ریکو، یو ایس ورجن آئی لینڈز، گوام، شمالی مریاناس جزیرے اور امریکی سموا کے علاقوں میں رہتے ہیں ان کے ووٹ ڈالنے پر ممانعت ہے۔
امریکی الیکشن: ووٹوں کی گنتی کیسے کی جاتی ہے؟
زیادہ تر ملکوں میں الیکشن کمیشن انتخابات اور ووٹوں کی گنتی کا کام کرتا ہے۔ لیکن امریکہ میں یہ نظام بالکل مختلف طریقے سے انجام دیا جاتا ہے۔ یہ نظام کیسے کام کرتا ہے؟