رسائی کے لنکس

امریکہ عراق میں مزید فوجی تربیت کار بھیجنے کے فیصلے کے قریب


منصوبے میں انبار صوبے میں ایک نئے تربیتی مرکز کے قیام اور انبار صوبے پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے انتہائی اہم تصور کیے جائے والے سنی جنگجوؤں کو زیادہ مدد فراہم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔

امریکہ کے حکام کے مطابق صدر براک اوباما عراق میں مزید فوجی تربیت کار بھیجنے کے منصوبے کے متعلق جلد ہی فیصلہ کریں گے۔ پینٹاگان داعش کے خلاف لڑائی میں عراقی فوجوں کو مضبوط کرنے لیے اقدامات پر مُصر ہے۔

مجوزہ منصوبے کے مطابق مزید 500 تربیت کار گزشتہ برس عراق بھیجے گئے 3,000 تربیت کاروں اور مشیروں میں شامل کیے جائیں گے۔ گزشتہ سال صدر اوباما نے شمالی اور مغربی عراق کے بڑے علاقوں پر شدت پسندوں کے قبضے کے بعد تربیت کار بھیجنے کی منظوری دی تھی۔ شدت پسندوں کی کارروائی سے عراقی فوج پے در پے دھچکوں سے دوچار ہوئی تھی۔

حکام نے کہا ہے کہ منصوبے میں انبار صوبے میں ایک نئے تربیتی مرکز کے قیام اور انبار صوبے پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے انتہائی اہم تصور کیے جائے والے سنی جنگجوؤں کو زیادہ مدد فراہم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ عراقی فوج ملیشیا فورسز کی مدد سے صوبائی دارالحکومت رمادی کے قریب علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ گزشتہ ماہ شدت پسندوں نے رمادی پر قبضہ کر لیا تھا۔

نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان الیسٹیئر بیسکے نے منگل کو تربیت کاروں کی ممکنہ تعیناتی کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی اور صرف یہ کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس ’’مختلف تجاویز پر غور کر رہا ہے۔‘‘

’’ان تجاویز میں عراق میں مزید تربیت کار بھیجنے کی تجویز شامل ہے۔‘‘

اوباما نے پیر کو کہا تھا کہ امریکہ کے تربیت یافتہ عراقی فوجی زیادہ مؤثر ہیں اور یہ کہ عراقی وزیرِاعظم حیدر العبادی اس بات پر اتفاق کرتے ہیں کہ عراق کو ’’تربیت یافتہ، تازہ، اچھی طرح سازوسامان سے لیس اور اپنے ہدف پر مرکوز‘‘ مزید سکیورٹی فورسز کی ضرورت ہے۔

تربیت فراہم کرنے کے علاوہ امریکہ ایک فضائی اتحاد کی قیادت کر رہا ہے جس نے عراق اور شام میں داعش کے ٹھکانوں پر 4,400 حملے کیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری جوش ارنسٹ نے منگل کو کہا کہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ مشترکہ حکمت عملی کامیاب ہو سکتی ہے۔

ناقدین نے صدر اوباما پر الزام لگایا ہے کہ ان کے پاس ایک مناسب حکمت عملی موجود نہیں، جس کا اعتراف انہوں نے پیر کو اپنے بیان میں کیا تھا۔ ناقدین نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عراق میں لڑائی کے لیے زمینی فوج بھیجے، جسے صدر مسترد کرتے آئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG