رسائی کے لنکس

چین برآمدات پر غیرقانونی امدادی رقوم فراہم کرتا ہے: امریکہ


مائیکل فرمن نے کہا ہے کہ چین کی پارچہ جات، کپڑا سازی، دھات، کیمیکل، طبی مصنوعات، عمارت سازی کا سامان اور زراعتی صنعتیں شامل ہیں، جنھوں نے حکومت چین کی امدادی رقوم سے استفادہ کیا

امریکہ نے چین پر الزام لگایا ہے کہ برآمدات کے شعبے میں، وہ اپنی سات صنعتوں کو غیرقانونی طور پر زر تلافی فراہم کر رہا ہے۔

امریکی نمائندہ برائے تجارت، مائیکل فرمن نے کہا ہے کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران چین نے کم از کم ایک ارب ڈالر کی غیرقانونی امدادی رقوم فراہم کیں، اور یہ کہ اس طرح کی مالی اعانت اُن ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے، جنھیں عالمی تجارت کی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) نے مقرر کر رکھا ہے۔

فرمن نے کہا کہ چین کی پارچہ جات، کپڑا، دھات، کیمیکل، طبی مصنوعات، عمارت سازی کا سامان اور زراعتی صنعتیں شامل ہیں، جنھوں نے حکومت چین کی امدادی رقوم سے استفادہ کیا۔

فرمن نے بتایا کہ زر تلافی کی فراہمی سے امریکی کارکنان، کسانوں، زمینوں کے مالکان اور چھوٹے کاروباری اداروں کے مفادات کو نقصان پہنچتا ہے، جن سے امریکہ میں مسابقت کے رجحان میں کمی آتی ہے اور روزگار اور اجرت زد میں آتے ہیں۔

امریکہ نے کہا ہے کہ ’ڈبلیو ٹی او‘ کے آئندہ اجلاس میں یہ تصفیہ طلب معاملہ چین کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ تاہم، اگر اس میں ناکامی ہوتی ہے تو وہ جنیوا میں قائم ادارے سے اس تنازع پر فیصلہ لینے کی کوشش کرے گا۔

چین کی جانب سے فوری طور پر اس تنازع کے بارے میں کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔

اس سے ایک ہی روز قبل، امریکی صدر براک اوباما اور چینی صدر ژی جِن پِنگ نے ٹیلی فون پر تبادلہٴخیال کیا، جب کہ چینی سربراہ ستمبر میں امریکہ کا سرکاری دورہ کرنے والے ہیں۔

XS
SM
MD
LG