مشترکہ ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ہفتہ کو عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں کے خلاف 12 فضائی کارروائیاں کی ہیں۔
ان فضائی کارروائیوں میں دولت اسلامیہ سے منسلک عمارتوں، گاڑیوں اور تیل کی ایک تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔
خبررساں ادارے رائیٹرز نے ٹاسک فورس کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترکی کی سرحد کے قریب واقع شامی قصبے کوبانی کے قریب کی جانے والی چھ فضائی کارروائیوں میں دولت اسلامیہ کی عمارتوں، عسکری مقامات اور گاڑیوں کونشانہ بنایا گیا۔
عراق میں الاسد، موصل، فلوجہ، القائم اور بیجی کے قریب کی جانے والی چھ فضائی کارروائیوں میں عمارتوں، گاڑیوں اور دولت اسلامیہ کی ایک تیل کی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔
شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے رواں سال عراق اور شام کے مختلف علاقوں پر قبضہ کر کے وہاں خلافت کا اعلان کر دیا تھا اور اس کے جنگجو مقامی اقلیتی برادریوں کے قتل عام کے علاوہ شدید ایذا رسانیوں میں مصروف ہیں۔
اس تنظیم کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکہ نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اگست کے اواخر سے اس کے اہداف کو فضائی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنانا شروع کیا تھا۔
حال ہی میں ایک غیر سرکاری تنظیم سیریئن آبزورویٹری فار ہیومن راٹس نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ اب تک شام میں کی جانے والی فضائی کارروائیوں میں 1100 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جن میں اکثریت شدت پسندوں کی ہے۔