امریکہ اور برطانیہ کا ایران پر نئی پابندیوں کا اعلان
امریکہ نے اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد تہران کی ڈرونز پروڈکشن کو ہدف بناتے ہوئے اس کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے اور امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ گروپ سیون کے رہنما تہران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
برطانیہ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ واشنگٹن کے ساتھ مل کر وہ بھی ایران پر پابندیاں لگا رہا ہے۔
بائیڈن نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے اسرائیل پر 13 اپریل کو ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملے کو ناکام بنانے میں اس کی مدد کی تھی اور اب وہ تہران پر نئی پابندیوں اور برآمدات پرکنٹرول کے ساتھ اسے جوابدہ ٹھہرا رہے ہیں۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے ایران کے رویے کو“ناقابل قبول” قرار دیا۔
کیمرون نے اٹلی میں گروپ آف سیون (جی 7) کی بڑی مغربی طاقتوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر کہا “(یہ) اسرائیل کے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم ایران کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔”