رسائی کے لنکس

ایران کے شہر اصفہان میں فورسز الرٹ
ایران کے شہر اصفہان میں فورسز الرٹ

ایران پر مشتبہ اسرائیلی حملہ، اصفہان شہر میں دھماکوں کے بعد ایئر ڈیفنس سسٹم فعال

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی 'فارس نیوز' نے اصفہان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔ تاہم تہران حکومت نے کہا ہے کہ ایرانی سرزمین پر کوئی بیرونی حملہ نہیں ہوا ہے۔

08:09 19.4.2024

ایران کو اپنا حملہ 10کروڑ میں، اسرائیل کو دفاع تقریباً ایک ارب ڈالر میں پڑا: ماہرین

اگرچہ اسرائیل نے یہ نہیں بتایا کہ ایران کے ڈرونز اور میزائل گرانے پر اٹھنے والے اخراجات کتنے تھے، لیکن متعدد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ایران نے اپنے حملے میں آٹھ سے دس کروڑ ڈالر مالیت کے ڈرونز اور میزائل استعمال کیے تھے جبکہ انہیں مار گرانے پر اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کے اخراجات کا تخمینہ ایک ارب ڈالر تک جا پہنچتا ہے۔

اگر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو ایران کے حالیہ ڈرونز اور میزائل حملے کے خلاف جوابی کارروائی نہ کرنے کے عالمی دباؤ کو نظرانداز کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ماہرین کے مطابق یہ ایران کے پرانے اور فرسودہ طیاروں اور ہتھیاروں سے لیس فضائیہ کے لیے ایک کڑا امتحان ہو گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایرانی فضائیہ کی قوت اور حربی صلاحیت کے پیش نظر اسرائیل کو ایران کے اندر اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے بہت کم دشواری کا سامنا ہو گا جس کے پاس فرسودہ طیارے اور اپنا تیار کردہ دفاعی نظام ہے جو زیادہ تر روسی ماڈلز پر مبنی ہے۔

ایران نے حال ہی میں اسرائیل پر میزائلوں اور ڈرونز سے جو حملہ کیا تھا، اس میں تہران نے یہ خیال رکھا تھا کہ اس کے میزائلوں اور ڈرونز سے کم سے کم نقصان ہو۔

اسرائیل کے ایک سابق فضائی دفاع کے سربراہ زویکا ہیمووچ کا کہنا ہے کہ ایران ٹیکٹیکل بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے شعبے میں ایک بڑی قوت کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھیے

15:34 19.4.2024

اسرائیل کے خلاف ردِ عمل کا کوئی ارادہ نہیں، ایرانی حکام

ایرانی حکام نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ اسرائیل کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کا منصوبہ نہیں ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق غیر ملکی ذرائع کی جانب سے سامنے آنے والی اطلاعات کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ایران پر کوئی بیرونی حملہ نہیں ہوا ہے۔

11:29 19.4.2024

ایران پر حملہ کیا ہے یا نہیں؟ اسرائیل کی خاموشی

ایران نے اپنی سرزمین پر کسی میزائل حملے کی تردید کی ہے تاہم امریکی نشریاتی اداروں نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہے اسرائیل نے جمعے کو ایران پر حملہ کیا ہے۔

نیویارک ٹائمز نے گمنام اسرائیلی عہدیداروں کے حوالے سے ایران پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق اسرائیلی حکومت اور فوج نے اب تک ایران میں کسی بھی کارروائی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

11:05 19.4.2024

اصفہان میں تین ڈرون مار گرانے کا دعویٰ

ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ ملک کے وسطی شہر اصفہان میں جمعے کو تین ڈرون مار گرائے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اصفہان شہر پر ڈرون طیاروں کی پروازوں کے بعد ایئر ڈیفنس سسٹم حرکت میں آیا اور تینوں ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سینئر کمانڈر سیاووش مہندس کا کہنا ہے کہ ایئر ڈیفنس سسٹم نے مشکوک چیزوں کو نشانہ بنایا ہے۔

10:57 19.4.2024

ایران پر کوئی میزائل حملہ نہیں ہوا، ایرانی حکام

ایرانی حکام نے خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ ایرانی سرزمین پر جمعے کو کوئی میزائل حملہ نہیں ہوا ہے۔

رائٹرز کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کی علی الصباح اصفہان شہر میں ایئر ڈیفنس سسٹم فعال کرنے کے نتیجے میں دھماکے ہوئے تھے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG