رسائی کے لنکس

ڈونلڈ ٹرمپ کے نیٹو سے متعلق بیان پر مغربی ممالک کی تنقید


ساؤتھ کیرولائنا میں ایک ریلی سے خطاب میں سابق صدر نے کہا کہ ہوسکتا ہے امریکہ نیٹو کے ان رکن ممالک پر روسی حملے کے خلاف دفاع نہ کرے جو اپنے دفاع پر زیادہ خرچ نہیں کرتے۔
ساؤتھ کیرولائنا میں ایک ریلی سے خطاب میں سابق صدر نے کہا کہ ہوسکتا ہے امریکہ نیٹو کے ان رکن ممالک پر روسی حملے کے خلاف دفاع نہ کرے جو اپنے دفاع پر زیادہ خرچ نہیں کرتے۔

مغرب میں چوٹی کے رہنماؤں نے اتوار کے روز سابق امریکی صدر ٹرمپ کے اس بیان پر نکتہ چینی کی ہے جس میں انہوں نے کہا تھا ہوسکتا ہے امریکہ نیٹو کے ان رکن ممالک پر روسی حملے کے خلاف دفاع نہ کرے جو اپنے دفاع پر زیادہ خرچ نہیں کرتے۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل یینز اسٹولٹن برگ نے ایک تحریری بیان جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ نیٹو پر کسی بھی حملے کا متحد ہو کر اور پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا:" ایسی کوئی تجویز کہ اتحادی ایک دوسرے کا دفاع نہیں کریں گے، ہم سب کی سلامتی کو بڑھتے ہوئے خطرے میں ڈال دے گی۔"

اس سے پہلے ہفتے کے روز سابق صدر ٹرمپ نے اپنے دوبارہ انتخاب کی مہم کے دوران کہا تھا کہ وہ نیٹو کے ان ارکان کا دفاع نہیں کریں گے جنہوں نے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری نہیں کی ہوں گی۔

ساؤتھ کیرولائنا میں ایک ریلی سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ وہ روس کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ ایسے ممالک کے ساتھ بقول ان کے" جو چاہے کرے۔"

پولینڈ کے وزیرِ دفاع واتسلاف کشنیاک کامش نے سوشل میڈیا پر اپنے ردِ عمل میں کہا کہ نیٹو کا نعرہ ہے، ایک سب کے لیے اور سب ایک کے لیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک پختہ عزم ہے۔ اتحادی ممالک کی ساکھ کو کمزور کرنے کا مطلب پورے نیٹو کو کمزور کرنا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزید لکھا:" کوئی بھی انتخابی مہم، اتحاد کی سلامتی سے کھیلنے کا جواز نہیں ہو سکتی۔"

جرمن وزارتِ خارجہ نے بھی ایکس پر نیٹو کا نعرہ دہرایا، " ایک سب کے لیے اور سب ایک کے لیے۔"

یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مچل نے کہا کہ نیٹو کی سلامتی اور یک جہتی سے متعلق غیر ذمے دارانہ بیانات سے صرف روسی صدر پوٹن کے مقاصد پورے ہوتے ہیں۔

مچل نے مزید لکھا:" نیٹو اتحاد نے 75 برس تک امریکیوں، کینیڈینز اور یورپیوں کی سلامتی اور خوشحالی کو تقویت دی ہے۔"

ٹرمپ امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے نمایاں امیدوار ہیں۔انہوں نے اپنے اس بیان سے پہلے اپنی پارٹی کے کانگریس ارکان پر زور دیا کہ وہ یوکرین کے لیے نئی امداد کا بل منظور نہ ہونے دیں۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان اینڈریو بیٹس سے جب ٹرمپ کے بیان سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا، "ایک قاتل حکومت سے اپنے کسی قریب ترین اتحادی پر حملے کے لیے کہنا، انتہائی خوفناک اور پریشان کن ہے۔"

نیٹو اتحاد کے 31ممالک میں ملکی آمدنی کا دو فی صد دفاع پر خرچ کرنے پر اتفاق ہو چکا ہے۔ مگر نیٹو کا اندازہ ہے کہ صرف 11 رکن ممالک اس پر عمل درآمد کرتے ہیں۔

اس خبر میں مواد اےایف پی اور رائٹرز سے لیا گیا ہے

فورم

XS
SM
MD
LG