رسائی کے لنکس

جنوبی کوریا میں عالمی اسکاؤٹنگ جمبوری، شدید گرمی سے دو شرکاء ہلاک، سینکڑوں بیمار


 جنوبی کوریا میں عالمی اسکاوٹ جمبوری کے مقام پر اسکاوٹس کے کیمپوں کا ایک منظر،فوٹو اے پی
جنوبی کوریا میں عالمی اسکاوٹ جمبوری کے مقام پر اسکاوٹس کے کیمپوں کا ایک منظر،فوٹو اے پی

جنوبی کوریا نے کہا ہے کہ وہ درجنوں ڈاکٹر اور نرسوں کو اسکاوٹس کے عالمی تفریحی اجتماع کی کیمپنگ سائٹ پر بھیج رہا ہے جہاں ملک میں جاری گرمی کی شدید لہر کے باعث دو شرکاء ہلاک اور سینکڑوں بیمارہو گئے ہیں۔

عہدے داروں نے بتایا ہےکہ منگل کو جنوبی کوریا کے جنوب مغربی شہر بوان میں شروع ہونےو الی ورلڈ اسکاؤٹ جمبوری میں اب تک گرمی سے منسلک بیماریوں سے متاثرہ کم از کم 600 شرکا کا علاج ہو چکا ہے جب کہ دو ہلاک ہو چکے ہیں۔

43 ہزار سے زیادہ شرکا اس عالمی اجتماع میں شرکت کر رہے ہیں ، جن میں سے بیشتر کی عمریں 14 سے 18 سال ہیں۔ کرونا وبا کے بعد سے اسکاؤٹس کی یہ پہلی اور مجموعی طور پر 25ویں عالمی جمبوری ہے۔

یہ تقریب ایسے میں منعقد ہورہی ہے جب جنوبی کوریا میں حکومت نےخبر دار کیا ہے کہ اس ہفتے کے دوران جنوبی کوریا میں چار برسوں کی شدید ترین گرمی پڑی اور ملک کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسئس یا 100اعشاریہ 4 ڈگری فارن ہائیٹ سے بڑھ گیا ہے ۔

جنوبی کوریا کی اسکاؤٹنگ جمبوری کے شرکا، فوٹو اے پی ، 2 اگست 2023
جنوبی کوریا کی اسکاؤٹنگ جمبوری کے شرکا، فوٹو اے پی ، 2 اگست 2023

جنوبی کوریا کے وزیر اعظم ہان ڈوک سو کے دفتر نے کہا ہے کہ ہان نے 30 فوجی ڈاکٹروں اور 60 نرسوں کو کیمپ میں جانے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کا حکم دیا ہے ۔

اس سے قبل داخلی اور حفاظتی امور کے وزیر لی سانگ من نے مزید ایمبولینس گاڑیاں ، شٹل بسیں اور ائیر کنڈیشنرزکو تیار رکھنے کا حکم دیا تھا۔

جنوبی کوریا کی اسکاؤٹنگ جمبوری میں شرکا ایک شیڈ میں ، فوٹو اے پی ،2 اگست 2023
جنوبی کوریا کی اسکاؤٹنگ جمبوری میں شرکا ایک شیڈ میں ، فوٹو اے پی ،2 اگست 2023

جنوبی کوریا کے داخلی اور حفاظتی امور کے وزیر نے ایک ہنگامی اجلاس کے دوران عہدے داروں کو ہدایت کی کہ وہ شرکا کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں ۔

ان میں کھلے مقامات پر طے شدہ تفریحی سر گرمیوں میں تبدیلی ، ہنگامی گاڑیوں ا ور طبی مراکز اور سایہ دار اسٹرکچرز اور ائیر کنڈیشنگ میں اضافہ شامل ہے ۔

وزارت کے بیانات کے مطابق انہوں نے کہا کہ مقصد کسی ایک بھی فردکےشدید بیماریا ہلاک ہونے کو روکنا ہے ۔

جنوبی کوریا میں 25 ویں عالمی اسکاؤٹنگ جمبوری کے شرکا پانی کی فراہمی کے مقام پر پانی کی بوتلیں بھر رہے ہیں، فوٹو اے پی ،دو اگست 2023
جنوبی کوریا میں 25 ویں عالمی اسکاؤٹنگ جمبوری کے شرکا پانی کی فراہمی کے مقام پر پانی کی بوتلیں بھر رہے ہیں، فوٹو اے پی ،دو اگست 2023

جمبوری کو ایک وسیع ، بے شجر اور ایسے مقام پرجہاں گرمی سے بچاؤ کے انتظامات کا فقدان تھا ، منعقد کرنے پر خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔

اسکاوٹ جمبوری کی انتظامی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ مزید ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مزید طبی عملہ تیار کیا جارہا ہے ۔

چوئی چانگ نے زور دے کر کہا کہ یہ تقریب اتنی محفوظ ہے کہ اسے جاری رکھا جاسکتا ہے اور اگر اس جمبوری کو کسی اور مقام پر منعقد کیا جاتا تو بھی ایسے ہی حالات پیش آسکتے تھے ۔

جنوبی کوریا میں اسکاؤٹنگ کی عالمی ریلی میں شرکا کیمپنگ سائٹس پر پہنچتے ہوئے ، فوٹو اے پی، یکم اگست 2023
جنوبی کوریا میں اسکاؤٹنگ کی عالمی ریلی میں شرکا کیمپنگ سائٹس پر پہنچتے ہوئے ، فوٹو اے پی، یکم اگست 2023

چوئی نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ ، شرکا بہت دور سے آئے ہیں اور ابھی ان کی موسم سے مطابقت نہیں ہو سکی ہے۔

حفاظتی امور سے متعلق وزارت نے کہا ہے کہ 20 مئی سے اب تک کم از کم 16 لوگ گرمی سے منسلک بیماریوں کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں جن میں منگل کو ہلاک ہونے والے دو افراد شامل ہیں ۔

بوان کے اسکاؤٹنگ کیمپ میں شرکا پانی کی بوتلیں بھرتے ہوئے ، فوٹو رائٹرز،یکم اگست 2023
بوان کے اسکاؤٹنگ کیمپ میں شرکا پانی کی بوتلیں بھرتے ہوئے ، فوٹو رائٹرز،یکم اگست 2023

جنوبی کوریا کے موسمیاتی ادارے کی پیش گوئی ہے کہ گرمی کی یہ لہر اگلے ہفتے تک جاری رہے گی جب کہ اسکاؤٹس کی یہ تقریب 14 اگست کو ختم ہو گی ۔

( اس رپورٹ کا مواد رائٹرز اور اے پی سے لیا گیا ہے)

فورم

XS
SM
MD
LG