رسائی کے لنکس

شام : حمص میں امدادی سامان پہنچانے کی تیاریاں مکمل


عالمی ادارے کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شام کے اس محصور شہر میں بھیجے جانے والے امدادی سامان میں ہزاروں افراد کے لیے خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضرورت شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کی طرف سے شام میں باغیوں کے زیر تسلط شہر حمص میں ہفتہ کو ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

عالمی ادارے کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سامان میں ہزاروں افراد کے لیے خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی اشیائے ضرورت شامل ہیں۔

امداد کی فراہمی سے ایک روز قبل درجنوں شہریوں بشمول عمر رسیدہ افراد اور بچوں کو حمص شہر سے نکال لیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ اکا دلا مقامات پر فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات کے باوجود انخلا اچھے انداز میں مکمل ہوا۔

تقریباً ایک سال سے شام کی سرکاری فورسز نے اس شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے یہاں خوراک کی بھی شدید قلت ہوگئی تھی۔

اقوام متحدہ کی امدادی سرگرمیوں کی معاون ویلری آموس نے کہا ہے کہ بہت سے بیمار اور زخمی شہری اب بھی شہر میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انھوں نے فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ امدادی کارکنوں کو حمص اور دیگر محصور شہروں میں مکمل رسائی کی اجازت دیں۔

شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت اور روس نے جمعرات کو اقوام متحدہ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت حمص میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے تین روز تک جنگ بند کر دی گئی۔
XS
SM
MD
LG