|
امریکہ کے وزیر خارجه انٹنی بلنکن نے منگل کے روز کہا کہ امریکہ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے کی فوری تحقیقات کرے جس کے نتیجے میں انسانی ہمدردی کے لیے کام کرنے والے 7 کارکن ہلاک ہوئے
بلنکن نے اسرائیل سے اپنی اس اپیل کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ وہ شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کو ترجیح دے۔
انہوں نے منگل کو پیرس میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے اس واقعہ پر براہ راست اسرائیلی حکومت سے بات کی ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ یہ جاننے کے لیے کہ حقیقت میں ہوا کیا تھا، فوری، مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔
بلنکن نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی کے کارکنوں کو لازمی طور پر تحفظ دیا جانا چاہیے۔ ہمیں کسی بھی ایسی صورت حال سے بچنا چاہیے جہاں ان لوگوں کو، جو صرف اپنے جیسے انسانوں کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، خود ایک بڑے خطرے میں ڈالیں۔
بلنکن کی کی فرانسیسی وزیر خارجہ اسٹیفن سیجونے کے ساتھ ملاقات سے چند گھنٹے قبل، چیریٹی آرگنائزیشن ورلڈ سینٹرل کچن نے کہا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں اس کے 7 ملازم مارے گئے ہیں۔ تنظیم نے علاقے میں اپنی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ تنظیم مشہور شخصیت شیف ہوزے آندرے نے قائم کی تھی۔
یوکرین
بلنکن نے فرانسیسی وزیر دفاع لیکورنو کے ساتھ پیرس میں ایک دفاعی تنصیب کے دورے کے دوران کہا، "ہم ایک نازک لمحے میں ہیں جہاں یوکرین کے باشندوں کے لیے وہ چیزیں حاصل کرنا بہت ضروری ہے جو انہیں اپنے دفاع کے لیے درکار ہیں، خاص طور پر جب بات گولہ باری اور فضائی دفاع کی ہو۔
اس سے قبل دورے کے بارے میں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ اس میں یوکرین کی امداد اور غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کو پھیلنے سے روکنے پر بات چیت شامل ہو گی۔
امریکہ کے اعلیٰ ترین سفارت کار نے اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے، یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آڈری ازولے کے ساتھ بات چیت کی جس دوران انہوں نےتنظیم کے لیے امریکی امداد پر بھی بات کی۔
امریکہ اور فرانس دو برسوں سے، جب سے روس نے اپنے پڑوسی ملک پر حملہ کیا ہے، یوکرین کے سب سے بڑے حامیوں میں شامل ہیں۔
محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی اور فرانسیسی حکام کی ملاقات کے ایجنڈے کا ایک اور موضوع ہیٹی میں استحکام لانے کی کوششیں ہو گا۔
بلنکن نیٹو کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے لیے پیرس سے برسلز جائیں گے جب کہ اتحاد اپنی 75 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔
برسلز میں بلنکن اپنے یوکرینی ہم منصب دمیترو کولیبا اور نیٹو کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ سے بھی ملاقات کریں گے۔
جمعے کے روز امریکہ، یورپی یونین اور آرمینیا کا سہ فریقی اجلاس منعقد ہو گا جس کے بارے میں محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس میں امریکہ اور یورپی یونین آرمینیا کی اقتصادی بحالی میں مدد پر توجہ مرکوز کریں گے جب کہ وہ اپنی تجارتی شراکت داری کو متنوع بنانے اور انسانی ہمدردی کی ضروریات سے نمٹنے کے لیے بھی کوششیں کر رہے ہیں
یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لین اور آرمینیا کے وزیر اعظم نکول پشینیان اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے۔
بلنکن کے دورے کا اختتام بلجئیم میں امریکہ اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور ٹیکنالوجی کے مذاکرات پر ہو گا۔
اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔
فورم