رسائی کے لنکس

یوکرین: فوج کو تیار رہنے کی ہدایت


روسی فوج
روسی فوج

’اِس بات کا حقیقی خطرہ موجود ہے کہ روس یوکرین کی سر زمین کے خلاف جنگ مسلط کر دے‘: یوکرین کے قائم مقام صدر

یوکرین کےقائم مقام صدر نےکہا ہے کہ فوج کو تیار رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ بقول اُن کے، سرحد پر کھڑی روسی فوج کی ممکنہ کارروائی کی صورت میں باقاعدہ حملے کے لیے ’ہمہ وقت تیار رہے‘۔

بدھ کو کیئف میں ایک وزارتی اجلاس میں اولندر ترچینوف نے بتایا کہ اس بات کا حقیقی خطرہ موجود ہے کہ روس یوکرین کی سر زمین کے خلاف جنگ مسلط کر دے۔

یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بدھ ہی کے روز علی الصبح روسی نواز مسلح افراد نے مشرقی یوکرین میں ایک مزید سرکاری عمارت پر قبضہ جما لیا۔ مسلح باغیوں نے بدھ کی صبح ہارلیکا میں اس بلدیاتی کونسل کا کنٹرول سنبھال لیا، جس شہر کی آبادی 260000 نفوس پر مشتمل ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ روس نواز باغیوں نے اِسی شہر کے علاقائی محکمہٴپولیس کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔

روس نواز سینکڑوں علیحدگی پسندوں نے اسی ہفتے کے اوائل میں روسی سرحد کے نزدیک یوکرین کی مزید سرکاری عمارات پر دھاوا بول دیا تھا، جس میں لہانسک میں استغاثہ کے دفتر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے؛ اور ڈونسک میں علاقائی حکومت کے دفاتر پر قبضہ جما لیا تھا۔

ڈونسک میں روس نواز باغیوں نے 11 مئی کو ملک سے علیحدہ ہونے کے بارے میں ایک ریفرینڈم کرانے کا اعلان کیا ہے۔

جزیرہ نما کرائمیا کو روس میں ضم کرنے کی غرض سے گذشتہ ماہ إِسی نوعیت کا ووٹنگ کا عمل ہو چکا ہے۔

سرکاری عمارات پر قبضہ جمانے کے یہ حالیہ واقعات ایسے میں ہو رہے ہیں جب مغوی سات یورپی مبصرین کی رہائی کے سلسلے میں بات چیت کا دوبارہ آغاز ہو چکا ہے، جنھیں گذشتہ ہفتے سلویانسک کے شہر سے یرغمال بنایا گیا تھا۔

شہر کے خود ساختہ روس نواز میئر نے منگل کو کہا تھا کہ وہ چاہیں گے کہ یوکرین کے حکام کی قید میں روس نواز سرگرم کارکنوں کے بدلے اِن مغوی مبصرین کا تبادلہ عمل میں آئے۔

اِن مغوی مبصرین میں چار جرمن ہیں، جب کہ پولینڈ، ڈینمارک اور سویڈن کا ایک ایک شہری ہے، جنھیں سلامتی اور تعاون سے متعلق یورپی تنظیموں (او ایس سی اِی) نے یوکرین روانہ کیا تھا۔

غیر سرکاری ’ایٹلانٹک کونسل‘ سے اپنے خطاب میں، کیری نے یوکرین کے حالیہ بحران کا ذمہ دار روس کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ روس مشرقی اور وسطی یورپ میں سکیورٹی کے ماحول کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

واشنگٹن میں، امریکی وزیر خارجہ، جان کیری نے منگل کے روز روس سے مطالبہ کیا کہ وہ پُرامن طور پر یوکرین چھوڑ دے۔

ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکہ اور یورپی یونین کی طرف سے عائد تعزیرات جاری رہتی ہیں، تو روس اپنی توانائی کی کمی سے دوچار معیشت میں مغربی سرمایہ کاروں کے کردار کے معاملے پر نظر ثانی کرے گا۔
XS
SM
MD
LG