رسائی کے لنکس

یمن: مہاجرین کی گاڑی پر بمباری، 20 افراد ہلاک


علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب ملکوں کے اتحاد کے فوجی طیارے نے کیا۔

یمن میں بے گھر افراد سے بھری ایک گاڑی پر فضائی حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن کی اکثریت کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ حملہ منگل کی شام یمن کے جنوب مغربی صوبے تعز کے ضلع موضع میں کیا گیا۔

علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب ملکوں کے اتحاد کے فوجی طیارے نے کیا۔

یہ اتحاد یمن کی بین الاقوامی حمایت یافتہ حکومت کے مخالف حوثی باغیوں کے خلاف گزشتہ دو برسوں سے زمینی اور فضائی کارروائیاں کر رہا ہے۔

'یو این ایچ سی آر' نے اپنے بیان میں حملے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی حملہ نزدیکی ضلعے موخع میں ہونے والی لڑائی کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی گاڑی پر اس وقت کیا گیا جب وہ علاقے سے نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔

موخع میں گزشتہ کئی ہفتوں سے یمن کی سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی جاری ہے جس کے باعث علاقے سے ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے کے بعد موضع میں پناہ گزین ہیں۔

عینی شاہدین نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جن میں کئی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

سعودی اتحاد نے تاحال حملے میں ملوث ہونے کے الزام پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ تاہم ماضی میں بھی اس اتحاد کے حملوں میں عام شہریوں کی ہلاکت کے الزامات تواتر سے سامنے آتے رہے ہیں جن کی کبھی باقاعدہ تحقیقات نہیں ہوئیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق یمن میں مارچ 2015ء سے جاری خانہ جنگی میں اب تک آٹھ ہزار سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں جن کی اکثریت عام شہریوں پر مشتمل ہے۔

XS
SM
MD
LG