رسائی کے لنکس

محمد علی کے جنازے میں شرکت پر ٹرمپ کو ’خوش آمدید‘ کہیں گے: منتظمین


ٹرمپ کی محمد علی کے ساتھ 2007ء میں لی گئی تصویر
ٹرمپ کی محمد علی کے ساتھ 2007ء میں لی گئی تصویر

ادھر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر براک اوباما جمعہ کو محمد علی کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ریپبلکن کی طرف سے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ مایہ ناز سابق ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن محمد علی کی جمعہ کو ہونے والی آخری رسومات سے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ وہ اس میں شرکت کرنے کے خواہاں ہے۔

یہ بات جنازے کے منتظمین میں سے ایک رضا کار نے بتائی ہے۔

ٹرمپ، محمد علی کے دیرینہ دوست تھے لیکن حالیہ مہینوں میں اپنی انتخابی مہم کے دوران ان کی طرف سے مسلمان مخالف بیانات پر مسلم حلقوں میں خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔

محمد علی کی دوست صالحہ شاکر کہتی ہیں کہ کنٹکی کے علاقے لوئی وِل میں محمد علی کے جنازے میں ٹرمپ کی ممکنہ موجودگی پر سابق باکسر کے حامیوں میں بھی بحث دیکھنے میں آئی ہے۔ لیکن ان کے بقول اسلام سب کی شمولیت کا درس دیتا ہے۔

"ہم میں سے کوئی بھی (ٹرمپ کے) بیان کی پرواہ نہیں کرتا، لیکن (ٹرمپ کی موجودگی) علی بھی یہی چاہتے، وہ کبھی بھی ان دور نہ ہٹاتے۔"

گزشتہ جمعہ کو محمد علی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے انھیں پارکنسنز (رعشہ) کا عارضہ لاحق تھا۔

سابق باکسر کے خاندان کے ترجمان باب گننل کہتے ہیں کہ محمد علی اپنے جنازے میں مختلف مذاہب اور سب کی شمولیت چاہتے ہیں۔ ان کے بقول وہ ٹرمپ کے لیے خاص تیاری نہیں کر رہے لیکن انھیں بھی یہاں خوش آمدید کہا جائے گا۔

ٹرمپ کی شرکت سے متعلق ان سے وابستہ لوگوں سے رابطہ کرنے کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہو سکیں۔

لوگ محمد علی کے آبائی گھر کے باہر پھول رکھ رہے ہیں
لوگ محمد علی کے آبائی گھر کے باہر پھول رکھ رہے ہیں

ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسلمان مخالف بیانات اور خصوصاً امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی جیسے بیانیے گزشتہ سال کیلیفورنیا کے علاقے سان برنارڈینو میں ہوئے ایک قتل عام کے بعد سامنا آنا شروع ہوئے تھے۔

اس واقعے میں ایک مسلمان جوڑے نے ایک فلاحی مرکز میں فائرنگ کر کے 14 افراد کو ہلاک کر دیا تھا اور بعد ازاں پولیس سے جھڑپ میں خود بھی مارے گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد محمد علی کی طرف سے بھی ایک بیان سامنے آیا تھا کہ "ہم مسلمانوں کو ان لوگوں کے خلاف کھڑا ہونا ہو گا جو اسلام کو اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرتے ہیں۔"

محمد علی کا یہ بھی کہنا تھا کہ "میرا ماننا ہے کہ ہمارے سیاسی رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ اپنے مرتبے کو اسلام سے متعلق سمجھ کے لیے استعمال میں لائیں اور ان بھٹکے ہوئے قاتلوں کو اسلام کے بارے میں لوگوں کے سوچ وہ بنا دی ہے جو کہ اصل میں اسلام نہیں۔"

ترجمان گننل کا کہنا تھا کہ محمد علی کے اس بیان میں اشارہ ٹرمپ کی طرف نہیں تھا۔

ادھر وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر براک اوباما جمعہ کو محمد علی کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

صدر اوباما اور خاتون اول مشیل اوباما کو جمعہ کو اپنی بیٹی کے اسکول میں گریجوایشن تقریب میں شرکت کرنی ہے، تاہم وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں شخصیات بعد میں محمد علی کے خاندان کو خط بھیجیں گے۔

قبل ازیں امریکی صدر محمد علی کی وفات پر ان کی بیوہ سے فون پر تعزیت کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG