رسائی کے لنکس

کرونا وائرس: دنیا بھر میں 31 لاکھ مریض، ساڑھے 9 لاکھ صحت یاب


سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک خاتون اس عارضی یادگار کے پاس کھڑی ہے جہاں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ہلاک ہوجانے والے طبی کارکنوں کی تصویریں لگی ہیں
سینٹ پیٹرزبرگ میں ایک خاتون اس عارضی یادگار کے پاس کھڑی ہے جہاں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ہلاک ہوجانے والے طبی کارکنوں کی تصویریں لگی ہیں

روس میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھتے ہوئے ایران سے زیادہ ہوگئی ہے، جبکہ لاطینی امریکہ کے ملک ایکواڈور میں ایک دن میں 200 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔

نئے اعداد و شمار سے ان خدشات کو تقویت مل رہی ہے کہ کرونا وائرس صرف امریکہ اور یورپ کو متاثر نہیں کرے گا، بلکہ باری باری تمام ملک اس کی زد میں آسکتے ہیں۔

جانز ہاپکنز یونیورسٹی اور ورلڈومیٹرز کے مطابق، 210 ملکوں اور خود مختار علاقوں میں منگل کو کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 31 لاکھ اور اموات کی تعداد دو لاکھ 16 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

چوبیس گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں 586، اٹلی میں 382، فرانس میں 367، اسپین میں 301، ایکواڈور میں 208، کینیڈا میں 145، برازیل میں 140 اور بیلجیم میں 124 مریض چل بسے۔ ترکی میں 92، جرمنی میں 89، میکسیکو میں 86، سویڈن میں 81، روس میں 73، ایران میں 71، بھارت میں 69 اور آئرلینڈ میں 57 افراد ہلاک ہوئے۔

ایکواڈور کے بارے میں شبہ ہے کہ وہاں ہزاروں افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ لیکن ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ سے تصدیق نہیں کی جا رہی۔ مقامی حکومتوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اموات میں کئی سو گنا اضافہ ہوا ہے۔

سرکاری طور پر ایکواڈور میں 24 ہزار کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور منگل سے پہلے 663 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ لیکن میڈیا کے مطابق، اتنی بڑی تعداد میں لوگ مر رہے ہیں کہ قبرستانوں میں توسیع کرنا پڑی ہے۔ اسپتالوں کے دروازوں پر، برآمدوں میں اور حد یہ کہ سڑکوں پر لاشیں پڑی دکھائی دیتی ہیں۔

اٹلی میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 27359، اسپین میں 23822، فرانس میں 23660، برطانیہ میں 21678، بیلجیم میں 7331، جرمنی میں 6215، ایران میں 5877، برازیل میں 4683، چین میں 4633 اور نیدرلینڈز میں 4566 ہوچکی ہے۔ ترکی میں یہ تعداد 2992، کینیڈا میں 2852 اور سویڈن میں 2355 ہے۔

امریکہ میں منگل کی سہہ پہر تک 16 ہزار نئے کیسز سامنے آئے تھے جبکہ 1472 افراد مریض دم توڑ گئے تھے۔ ملک میں 58 لاکھ شہریوں کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں جن میں سوا 10 لاکھ کے مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور 58 ہزار اموات ہو چکی ہیں۔

امریکہ کی 12 ریاستیں ایسی ہیں جہاں کم از کم ایک ہزار افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہوکر ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیویارک میں 22866، نیوجرسی میں 6442، مشی گن میں 3567، میساچوسیٹس میں 3003، الی نوئے میں 2125 اور کنیٹی کٹ میں 2012 اموات ہوئی ہیں۔ دیگر چھ ریاستیں لوزیانا، پینسلوانیا، کیلی فورنیا، فلوریڈا، جارجیا اور میری لینڈ ہیں۔

امریکہ کے بعد سب سے زیادہ کیسز کی تصدیق اسپین میں ہوئی ہے جن کی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار ہے۔ اٹلی میں یہ تعداد 2 لاکھ ایک ہزار، فرانس میں ایک لاکھ 65 ہزار، برطانیہ میں ایک لاکھ 61 ہزار، جرمنی میں ایک لاکھ 59 ہزار، ترکی میں ایک لاکھ 14 ہزار، روس میں 93 ہزار، ایران میں 92 ہزار اور چین میں 82 ہزار ہے۔

اب تک دنیا میں ساڑھے 9 لاکھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ان میں امریکہ کے ایک لاکھ 40 ہزار، اسپین کے ایک لاکھ 23 ہزار، جرمنی کے ایک لاکھ 17 ہزار، چین کے 77 ہزار، ایران کے 72 ہزار، اٹلی کے 68 ہزار اور فرانس کے 45 ہزار شہری شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG