بھارت کی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے زرعی اصلاحات کے خلاف گزشتہ کئی روز سے جاری کاشت کاروں کے احتجاج کا سلسلہ لندن پہنچ گیا ہے۔ اتوار کو برطانوی دارالحکومت میں ہزاروں افراد نے احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کر دی جب کہ پولیس نے 13 افراد کو حراست میں بھی لے لیا۔ بھارت میں زرعی اصلاحات کا بل ستمبر میں منظور ہوا تھا جس میں آڑھتی کا کردار ختم کرتے ہوئے کاشت کاروں کو اپنی اجناس مارکیٹ میں فروخت کرنے کا کہا گیا تھا تاہم کاشت کار اپنی اجناس کی کم سے کم قیمت سے محروم ہوجانے کے خدشے کے تحت سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ ان کے احتجاج کا سلسلہ اب لندن تک پہنچ گیا ہے۔
بھارتی کاشت کاروں کا احتجاج لندن پہنچ گیا

1
بھارت میں مظاہروں کے بعد کسانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے برطانیہ میں مقیم بھارتی شہری بڑی تعداد میں اتوار کو وسطی لندن کے علاقے اولڈوچ میں واقع اپنے ملک کے سفارت خانے کے باہر جمع ہوئے اور ٹریفیلگر اسکوائر کے اطراف مارچ کیا۔

2
کاشت کاروں کا مؤقف ہے کہ نئے قوانین ان کے روزگار کے لیے خطرہ ہیں جب کہ نریندر مودی حکومت کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کا مقصد پرانے طریقے کار کو تبدیل کرنا اور کسانوں کو اپنی اشیا فروخت کرنے کے لیے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔

3
برطانیہ میں بھارتی کمیونٹی بڑی تعداد میں آباد ہے اور بہت سے برطانوی شہری جن کا آبائی وطن بھارت ہے، وہ وہاں سے آنے والی خبروں اور حالات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

4
لندن مظاہرے میں سماجی فاصلے کے اصول کو مجموعی طور پر نظر انداز کیا گیا اور صرف چند مظاہرین ہی ماسک پہنے نظر آئے۔ پولیس نے کرونا وائرس کی احتیاط سے متعلق ہدایات کی خلاف ورزی کرنے پر 13 مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔