رسائی کے لنکس

میرا صدر بننا ایک 'مفروضہ' ہے، تاہم میں تیار ہوں، کاملا ہیرس


امریکی نائب صدر کاملا ہیرس، انڈونیشیا میں آسیان کے اجلاس مین شرکت کے لیے آرہی ہیں۔
امریکی نائب صدر کاملا ہیرس، انڈونیشیا میں آسیان کے اجلاس مین شرکت کے لیے آرہی ہیں۔

امریکی نائب صدر کاملا ہیرس نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے امریکہ کے 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج الٹانے کی کوشش کی جو امریکی کانگریس کی عمارت پر حملے اور تشدد کا باعث بنی ان سب کو جواب دہ ٹھرانا چاہئیے خواہ ان میں ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہوں۔

انہوں نے کہا،" فیصلہ شواہد اور حقائق کو کرنے دیں۔"

کاملا ہیرس نے یہ بات جکارتہ، انڈونیشیا سے، جہاں وہ آسیان کے سربراہ اجلاس میں شرکت کر رہی ہیں، ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ اپنے ایک تازہ انٹرویو میں کہی ہے۔

ہیرس نے کہا،" میں نے اپنی زندگی میں بیشتروقت پراسیکیوٹر کے طور پر کام کیا ہے۔"

کاملا ہیرس نائب صدر کی حیثیت سے واشنگٹن آنے سے پہلے کیلیفورنیا میں اٹارنی جنرل کے فرائض انجام دے رہی تھیں۔

انہوں نے کہا،"میں سمجھتی ہوں کہ لوگوں کو قانون کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئیے اور جب وہ قانون توڑیں تو ان کا حساب ہونا چاہئیے۔"

انڈو نیشیا کے صدر جوکو ودودو اور ان کی اہلیہ اریانا ودودو آسیان میں امریکی نائب صدر کاملا ہیرس کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
انڈو نیشیا کے صدر جوکو ودودو اور ان کی اہلیہ اریانا ودودو آسیان میں امریکی نائب صدر کاملا ہیرس کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

ٹرمپ کی بات کی جائے توسابق صدر2024 کے صدارتی انتخابات کے لیے ریپبلکن پارٹی کے صفِ اول کے امیدوار ہیں۔ پراسیکیوٹرز نے 2020کے صدارتی انتخابات کے نتائج تبدیل کرنے کی ان کی کوششوں کے باعث ان پر الزامات عائد کیے ہیں۔ان پر جارجیا میں ووٹروں کا فیصلہ تبدیل کرنے کی سازش کا بھی الزام ہے جہاں ڈیمو کریٹک جو بائیڈن نے کامیابی حاصل کی تھی۔

وائٹ ہاؤس ٹرمپ کے قانونی معاملات اور ان کے خلاف مقدمات کے بارے میں بات کرنے میں بہت محتاط رہا ہے۔ لیکن صدر بائیڈن اور نائب صدر ہیرس اس بارے میں کھل کر بات کرتے رہے ہیں کہ 2020 کے انتخابات کے بعد جو کہا گیا وہ امریکہ کی جمہوریت کے لیے حقیقی خطرہ ہو سکتا ہے۔

ہیرس نے اپنے انٹرویو میں بھی کہا کہ جمہوریتیں بہت نازک ہوتی ہیں۔ اور "اتنی ہی مضبوط ہو سکتی ہیں جتنا کہ ہم ان کے لیے جدو جہد پر آمادہ ہوتے ہیں۔"

ہیرس آسیان کے سربراہ اجلاس میں صدر بائیڈن کی جگہ امریکہ کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

انڈونیشیا میں آسیان اجلاس میں شریک کاملا ہیرس
انڈونیشیا میں آسیان اجلاس میں شریک کاملا ہیرس

صدر بائیڈن کی غیر حاضری کچھ کے لیے مایوسی کا باعث بنی تاہم وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ آسیان کے خطے کے لیے امریکہ کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور اس کا اعادہ ہیرس نے اپنے انٹرویو میں بھی کیا۔

انہوں نے کہا،"امریکی ہونے کی حیثیت سے میں سمجھتی ہوں کہ ان تعلقات کے قیام اور ان کے فروغ کے لحاظ سے ہمیں آج بھی سلامتی اور خوشحالی میں خاصی دلچسپی ہے اور مستقبل میں بھی رہے گی۔

ہیرس نے ان خبروں کے بارے میں خبردار کیا کہ روس یوکرین کی جنگ کے لیے ہتھیار حاصل کرنے کی غرض سے روس کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ انہوں نے اسے ایسا اتحاد قرار دیا جس کی تجویز دینا ایک غلطی ہے۔

کاملا ہیرس انڈو نیشی صدر ودودو کے ساتھ۔ فوٹو اے پی 6 ستمبر2023
کاملا ہیرس انڈو نیشی صدر ودودو کے ساتھ۔ فوٹو اے پی 6 ستمبر2023

انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ میں روس کی جارحانہ اور بلا اشتعال کارروائیوں سے روسی حکمت عملی کی ناکامی کا اظہار ہوتا ہے اور روسی فوج میں اب انتشار ظاہر ہو رہا ہے۔

کاملا ہیرس نے صدر بائیڈن کی عمر پر پائی جانے والی تشویش کو مسترد کر دیا۔ صدر بائیڈن اپنی دوسری مدتِ صدارت حاصل کر بھی لیں تو اس کے اختتام پر وہ 86 برس کے ہو جائیں گے۔

77% امریکی اور 69% ڈیموکریٹس سمجھتے ہیں کہ بائیڈن دوسری مدتِ صدارت کے لیے معمر ہو چکے ہیں۔ ان کے بعد ہیرس صدارت کی دوڑ میں ہوں گی اور بہت سے ریپبلکنز کا خیال ہے کہ بائیڈن کے لیے ووٹ دینا ہیرس کے لیے ووٹ دینا ہے۔

ہیرس کہتی ہیں،"میں ان سے ہر روز ملتی ہوں۔ اوول آفس میں ہم ساتھ ہوتے ہیں۔ میں دیکھتی ہوں کہ کیسے وہ معاملات کو سمجھتے ہیں اور انتہائی پیچیدہ امور پر امریکی عوام کے لیے کس طرح بہتر اور اہم فیصلے دیتے ہیں جو کوئی اور نہیں کر سکتا۔"

انہوں نے کہا ان کے صدر بننے کا معاملہ ابھی ایک "مفروضہ" ہے مگر یہ کہ وہ اس کے لیے تیار ہیں۔

(اس خبر میں مواد اے پی سے لیا گیا)

فورم

XS
SM
MD
LG