رسائی کے لنکس

امریکن میوزک ایوارڈز: ٹیلر سوئفٹ 'آرٹسٹ آف دی ایئر' قرار


امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ 'آرٹسٹ آف دی ایئر' کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

اتوار کو امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے مائیکرو سوفٹ تھیٹر میں امریکن میوزک ایوارڈز (اے ایم اے) کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی میزبانی امریکی کامیڈین، اداکار و گلوکار وین براڈی نے کی۔

اس سال اے ایم اے کے سب سے معتبر ایوارڈ 'آرٹسٹ آف دی ایئر' کی دوڑ میں بیونسے، دی ویک اینڈ، ہیری اسٹائل، ڈریک، بیڈ بنی اور اڈیل شامل تھے۔

ٹیلر سوئفٹ نے آرٹسٹ آف دی ایئر کا ایوارڈ وصول کرتے وقت اسٹیج پر کہا کہ "میں بیان نہیں کر سکتی کہ میرے لیے یہ کتنا ناقابلِ یقین ہے کہ میں اب بھی گاتی ہوں اور آپ کو اب بھی یہ پسند ہے۔"

اس کے علاوہ ٹیلر سوئفٹ نے فیورٹ میوزک ویڈیو، فیورٹ فی میل پاپ آرٹسٹ، فیورٹ فی میل کنٹری آرٹسٹ اور فیورٹ پاپ البم کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔

اے ایم اے کی شام 'نیو آرٹسٹ آف دی ایئر' امریکی گلوکارہ ڈو کیمرون قرار پائیں جب کہ فیورٹ پاپ گروپ کا ایوارڈ کورین بینڈ بی ٹی ایس نے حاصل کیا۔

فیورٹ میل پاپ آرٹسٹ کا ایوارڈ ہیری اسٹائلز نے اپنے نام کیا جب کہ فیورٹ پاپ سونگ کا ایوارڈ بھی ہیری اسٹائلز کے گانے ''ایز اٹ واز'' کو ہی ملا۔

یاد رہے کہ سن 2020 میں بھی ٹیلر سوئفٹ کو امریکن میوزک ایوارڈز کی تقریب میں 'آرٹسٹ آف دی ایئر' قرار دیا گیا تھا۔

اس خبر میں شامل مواد خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG