رسائی کے لنکس

اسرائیل کا دمشق کے قریب واقع فوجی چوکی پر میزائل حملہ: ذرائع ابلاغ


فائل
فائل

اسرائیلی فوج نے میزائل حملے کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا، جو جمعے کی نصف رات کے فوری بعد ہوا، جس میں دمشق کے جنوب میں واقع کسواہ کے مضافات کے قریب واقع ایک فوجی علاقے کو نشانہ بنایا گیا

ہفتے کے روز علی الصبح اسرائیل نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے متعدد میزائل چلائے جن کا نشانہ شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب واقع ایک فوجی چوکی تھی۔ تاہم، شام کےسرکاری تحویل میں کام کرنے والے خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ واقع میں کوئی ہلاک و زخمی نہیں ہوا۔

اس فضائی کارروائی کے بعد دمشق کے مضافات میں تشدد کی کارروائیاں پھر سے شروع ہوئیں، جس سے قبل صورت حال پرسکون تھی؛ ایسے میں جب جنیوا میں سرکاری اور حزب مخالف کے وفود امن مذاکرات میں شرکت کر رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے میزائل حملے کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا، جو جمعے کی آدھی رات کے فوری بعد ہوا، جس میں دمشق کے جنوب میں واقع کسواہ کے مضافات کے قریب واقع ایک فوجی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔

شام کے سرکاری تحویل میں کام کرنے والے خبر رساں ادارے (ایس اے این اے) نے خبر دی ہے کہ میزائل لگنے کے نتیجے میں مادی نقصان ہوا۔ تاہم، تفصیل فراہم نہیں کی گئیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شامی فضائی افواج نے دو اسرائیلی میزائل مار گرائے ہیں۔

سمندری جہازوں کے ذریعے اسلحے کی مشتبہ کھیپ کی ترسیل پر اسرائیل متعدد بار فضائی حملے کر چکا ہے، جن کے لیے بتایا جاتا ہے کہ یہ رسد لبنان کے شدت پسند گروپ، حزب اللہ کے لیے تھی، جو جاری خانہ جنگی کے دوران حکومت شام کے ہمراہ لڑ رہا ہے۔

جب سے اس تنازع کا آغاز ہوا ہے، اسرائیل شام کی فوجی تنصیبات پر متعدد حملے کر چکا ہے، جن میں سے زیادہ تر گولان کی پہاڑیوں کے قریب کیے گئے جو اسرائیل کے قبضے میں ہیں۔

ستمبر میں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے بحیرہ روم کے ساحل کے قریب شام کے مغربی علاقے میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس میں دو فوجی ہلاک جب کہ مادی نقصان ہوا تھا۔

XS
SM
MD
LG