چین کے بعد جنوبی کوریا میں بھی کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ جنوبی کوریا میں گزشتہ دو روز کے دوران صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹ رہا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جنوبی کوریا میں ہفتے کو کرونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز کے مقابلے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد زیادہ تھی۔ ایسی ہی صورتِ حال جمعے کو بھی رہی تھی۔
جنوبی کوریا میں امراض کی روک تھام کے ادارے نے کہا ہے کہ ہفتے کو کرونا وائرس کے 107 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 204 رہی ہے۔ کرونا وائرس کو شکست دینے والے مریضوں کو اسپتالوں سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا میں جمعے کو بھی کرونا وائرس کے 110 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ صحت یاب ہو کر گھر جانے والے مریض تعداد میں زیادہ تھے۔
البتہ مذکورہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 8086 تک پہنچ گئی ہے۔
صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے بعد ماہرین صحت یہ امید بھی ظاہر کر رہے ہیں کہ چین کے بعد جنوبی کوریا میں بھی اس مہلک وبا کا زور ٹوٹتا دکھائی دے رہا ہے۔
تاہم حکام نے لوگوں کو ایک بار پھر گھروں میں ہی رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ صحت کے ایک عہدے دار کا بریفنگ کے دوران شہریوں کو کہنا تھا کہ یہ ویک اینڈ ہے اور ہم جانتے ہیں کہ آپ اس وبا سے تنگ آ چکے ہیں۔ لیکن آپ اپنے گھروں پر رہیں اور لوگوں سے ملنے میں احتیاط برتیں۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا چین کے بعد جنوبی کوریا میں تیزی سے پھیلنا شروع ہوئی تھی۔ لیکن اب اس وائرس سے چین کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک اٹلی ہے۔
اٹلی میں کرونا وائرس کے 17 ہزار 600 سے زائد مریض سامنے آ چکے ہیں جب کہ 1250 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔