رسائی کے لنکس

لاہور: سکھ برادری کی طرف سے دعوتِ افطار


فائل
فائل

سکھ برادری نے افطار کے ساتھ روزہ داروں کے لیے دودھ اور شربت کی سبیل کا بھی اہتمام کیا جس پر شہریوں کا رش رہا۔

پاکستان کے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں رمضان کے ماہِ مقدس کي برکتيں سميٹنے کے لیے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ سکھ برادري بھي پيش پيش ہے ۔

جمعرات کو لاہور میں آباد سکھ برادری نے معروف صوفی بزرگ حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے مزار پر روزہ داروں کے لیے افطار کا اہتمام کیا ۔

اس موقع سکھ برادری کی جانب سے روزہ داروں میں سیکڑوں افطار باکس تقسيم کیے گئے ۔

افطار کا اہتمام کرنے والے ممپال سنگھ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان برکتوں کا مہینہ ہے، اور وہ بھی اس کوشش میں ہیں کہ زیادہ سے زیادہ برکتیں سمیٹ لیں ۔

ان کےبقول روزہ داروں کو افطار کرا کے انہیں بہت سکون ملا ہے ۔

ممپال سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ سکھ مذہب میں کوئی بھی کام اللہ کی رضا کے لیے کیا جائے تو اس کا بہت اجر ہے اور ان کے بقول وہ بھی یہ کام اجر کےلیے کر رہے ہیں۔

سکھ برادری نے افطار کے ساتھ روزہ داروں کے لیے دودھ اور شربت کی سبیل کا بھی اہتمام کیا جس پر شہریوں کا رش رہا۔

سبیل لگانے والے مہندر پال سنگھ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ رمضان ایک مبارک اور مقدس مہینہ ہے جس میں رحمتیں برستی ہیں اور دعائیں قبول ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دعا ہے کہ پاکستان ترقی کرے ۔

مہندر پال سنگھ نے کہا کہ اسلام کی طرح ان کے مذہب میں بھی کسی پیاسے کو پانی پلانے کا بہت اجر ہے ۔

اس موقع پر وی او اے سے گفتگو کرتے ہوئے روزہ داروں کا کہنا تھا کہ وہ سکھ کمیونٹی کے اس اقدام کو سراہتے ہیں۔

روزہ داروں کا کہنا تھا کہ سکھ برادری کے اس عمل سے اقلیتوں کے احترام اور وقار میں اضافہ ہوگا اور بین المذاہب ہم آہنگی بڑھے گی۔

XS
SM
MD
LG