بھارتی پارلیمان پر دسمبر 2001 میں ہونے والے حملے کے مجرم قرار دیے گئے کشمیری حریت پسند محمد افضل گورو کی آٹھویں برسی پر منگل کو وادیٔ کشمیر میں جزوی ہڑتال ہے۔
افضل گورو کی آٹھویں برسی پر بھارتی کشمیر میں ہڑتال

ہڑتال کی وجہ سے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مرکزی مقام لال چوک، ملحقہ علاقوں، پُرانے شہر اور افضل گورو کے آبائی علاقے سوپور سمیت وادیٴ کشمیر کے بعض دوسرے حصوں میں کاروبارِ زندگی متاثر رہا۔ باقی ماندہ وادی میں جزوی ہڑتال کی جا رہی ہے۔

ہڑتال کے لیے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں سرگرم کسی تنظیم نے باضابطہ طور پر تو کوئی اپیل نہیں کی تاہم سرکردہ آزادی پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی کے پاکستان میں مقیم نمائندے عبداللہ گیلانی نے چند روز قبل اپنے ایک بیان میں ہڑتال کی اپیل کی تھی۔

کشمیری عوام سے اپیل میں کہا گیا تھا کہ وہ نو فروری کو افضل گورو اور 11 فروری کو قوم پرست کشمیری رہنما اور جموں کشمیر نیشنل لبریشن فرنٹ کے شریک بانی محمد مقبول بٹ کی برسی کے موقع پر اپنا کاروبار معطل رکھیں۔ اس اپیل کی سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کی گئی تھی۔

جموں اور لداخ کے علاقوں میں ہڑتال کی اپیل کے باوجود معمولاتِ زندگی پر کوئی اثر نہیں پڑا۔