رسائی کے لنکس

پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست، سیریز آسٹریلیا کے نام


  • آسٹریلیا کے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
  • پاکستان کی جانب سے عثمان خان سب سے زیادہ 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
  • آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بالر اسپینسر جانسن نے 26 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
  • میچ میں بہترین کارکردگی پر جانسن کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

ویب ڈیسک _ آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ جمعے کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ میزبان آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 134 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا۔ اوپنر بابر اعظم کے تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے صاحبزادہ فرحان پانچ، کپتان محمد رضوان، 16، سلمان علی آغا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کا مجموعی اسکور چار وکٹوں کے نقصان پر 102 تک پہنچا تو آسٹریلوی بالرز کے سامنے مزاحمت کرنے والے عثمان خان بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 38 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔

عثمان خان کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی میچ پر گرفت مضبوط ہوچکی تھی اور پاکستانی بیٹرز کی آنیاں جانیاں جاری تھیں کہ اس دوران عرفان کی جارحانہ اننگز نے میچ کو دلچسپ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

عرفان نے 28 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 37 رنز کی ناؤٹ آؤٹ اننگز کھیلی جب کہ عباس آفریدی چار، حارث رؤف دو، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور صفیان مقیم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بالر اسپینسر جانسن نے 26 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایڈم زمپا دو اور زاویئر برٹلیٹ ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

میچ میں بہترین کارکردگی پر جانسن کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر میتھیو شارٹ سب سے زیادہ 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

جیک میکگرک 20، گلین میکسویل 21، مارکس اسٹونس 14، ٹم ڈیوڈ 18 اور ایرون ہارڈی 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میزبان ٹیم کے کپتان جوش انگلس بغیر کرئی رنز بنائے حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ زاویئر برلیٹ پانچ اور اسپینسر جانسن صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا اور 22 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ نوجوان پیسر عباس آفریدی نے تین اور اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے سفیان مقیم 21 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کر سکے۔

فورم

XS
SM
MD
LG