رسائی کے لنکس

شام: ملٹری گریجویشن تقریب پر ڈرون حملے میں 80 افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی


شام کے شہر حمص میں فوجی افسروں کے لیے منعقد ہونے والی گریجویشن کی ایک تقریب پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 80 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے شام کے سیکیورٹی کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ شام کے وزیرِ دفاع بھی تقریب میں شریک تھے لیکن حملے سے چند ہی منٹ پہلے ہی وہاں سے روانہ ہو گئے تھے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کےمطابق شام کی وزارتِ صحت کے مطابق فوجی تقریب میں حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں فوجیوں سمیت سویلین بھی شامل ہیں جب کہ 240 افراد زخمی ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

شام کی فوج کے مطابق ڈرون حملہ اس وقت ہوا جب فوجی افسران کی گریجویشن تقریب ختم ہونے والی تھی جس میں بڑی تعداد میں نوجوان افسر اور ان کے اہلِ خانہ شریک تھے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس قتلِ عام کا ذمہ دار کون ہے۔

شام کی حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جو جمعے سے شروع ہو گا۔

ادلیب صوبے میں بمباری سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین
ادلیب صوبے میں بمباری سے ہلاک ہونے والوں کی تدفین

شامی فوج اس طرح کے حملوں کے لیے ان انتہا پسندوں پر الزام عائد کرتی ہے جنہیں اس کے بقول جانی پہچانی بین الاقوامی قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ تاہم فوج نے کسی ایک خاص قوت کی نشاندہی نہیں کی۔

شامی فوج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان دہشت گرد تنظیموں کو پوری قوت سے اور فیصلہ کن انداز میں جواب دے گی۔

ڈرون حملے کے بعد شامی حکومت نے باغیوں کے زیر قبضہ شمال مغربی صوبے ادلیب کے قصبوں پر بمباری کی۔ اس کارروائی میں ہونے والے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

شام کے شمال مغربی علاقے میں کام کرنے والی ایک رضاکار سول ڈیفنس تنظیم وائٹ ہلمٹس کے مطابق جمعرات کو اوّل وقت حکومت نے علاقے میں ایک اور گاؤں پر شیلنگ کی جس میں ایک گھر نشانہ بنا اور ایک معمر خاتون ، اس کے چار بچے اور امدادی کارکن مارے گئے جب کہ نو شہری زخمی بھی ہوئے۔

شام کے شمال مغربی حصے پر القاعدہ سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں اور ترکیہ کے حمایت یافتہ اپوزیشن کےجنگجوؤں کا قبضہ ہے۔ جو لوگ وہاں رہتے ہیں ان میں سے زیادہ تر بہت غریب ہیں اور اپنا وجود برقرار رکھنے کے لیے انسانی امداد پر انحصار کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں جمعرات ہی کے روز، شمال مشرقی شام کے الحسکہ اور قامشلی صوبوں میں، آئل پروڈکشن پلانٹس ، بجلی کے سب اسٹیشنوں اور ایک بند پر ڈرون حملے کیے گئے۔ ان علاقوں پر امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز یا ایس ڈی ایف کا کنٹرول ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے بمباری میں ایس ڈی ایف کے چھ جنگجو اور دو شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو حمص میں ملٹری اکیڈمی کی گریجویشن کی تقریب پر ڈرون حملے اور اس کے بعد ہونے والی جوابی بمباری میں لوگوں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات پر گہری تشویش ہے۔

اس رپورٹ کے لیے مواد خبررساں اداروں 'ایسوسی ایٹڈ پریس' اور 'رائٹرز' سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG