رسائی کے لنکس

مسجد الحرام کے دروازے سے تیز رفتار کار کی ٹکر


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب میں مسلمانوں کے مقدس شہر مکہ میں مسجد الحرام کے داخلی دروازے سے ایک شخص نے تیز رفتار گاڑی ٹکرا دی۔ سیکیورٹی حکام نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی شب رات ساڑھے دس بجے کے قریب پیش آیا۔

رپورٹس کے مطابق سعودی شہری سیکیورٹی بیریئر کو توڑتا ہوا تیز رفتار گاڑی آگے بڑھاتا چلا گیا اور مسجد کے جنوبی دروازے سے گاڑی ٹکرا دی۔

گاڑی ٹکراتے ہی مسجد الحرام کے باہر موجود سیکیورٹی اہلکار گاڑی کے قریب پہنچے اور اسے گھیرے میں لے کر کار سوار کو باہر نکالا۔

رپورٹس کے مطابق گاڑی میں سوار سعودی شہری کو جب حراست میں لیا گیا تو اس وقت بظاہر وہ 'غیر معمولی حالت' میں تھا۔

پولیس نے اس شخص کو محکمہ انصاف کے اہلکاروں کے حوالے کر دیا ہے۔ جہاں اس پر فردِ جرم عائد ہو گی۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسجد الحرام کے دروازے سے ٹکرانے والی گاڑی کو بعد ازاں حکام مسجد سے باہر لا رہے ہیں۔

سرکاری ٹی وی پر نشر کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واقعے سے قبل اور بعد میں بھی مسجد الحرام کے اندر خانہ کعبہ کا طواف جاری ہے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر مسجد الحرام کو بند کر دیا گیا تھا۔ تاہم حال ہی میں مسجد کو نمازیوں کے لیے دوبارہ کھولا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG