سعودی عرب نے دو امریکی شہریوں سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سات مرد اور ایک حاملہ خاتون شامل ہے۔ ان پر خواتین کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے کا الزام ہے۔
لندن سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے گروپ القسط کے مطابق ‘‘گرفتار ہونے والے تمام افراد لکھاری اور سوشل میڈیا بلاگرز ہیں جو اصلاحات کے لئے عوامی رابطہ مہم چلا رہے تھے۔’’
اکثر افراد کو جمعرات کے دن گرفتار کیا گیا۔
دو سعودی نژاد امریکیوں میں سے ایک بدر الامین ہیں جبکہ دوسرے امریکی شہری صلاح الحیدر ہیں۔ صلاح ایک اور انسانی حقوق کی کارکن عزیزہ الیوسف کے بیٹے ہیں جو دس دیگر خواتین سمیت ایک برس سے قید میں ہیں اور الزام عائد کیا جاتا ہے کہ ان پر جسمانی اور جنسی تشدد کیا گیا ہے۔
یہ گرفتاریاں جمال خشوگی کے بہیمانہ قتل کے بعد سعودی عرب کے ناقدین کے خلاف پہلا بڑا کریک ڈاؤن ہے۔