رسائی کے لنکس

پوٹن مغرب کا مقابلہ کرنے کے لیے ماسکو کے اتحادیوں کا ایک "نیا ورلڈ آرڈر" بنانا چاہتے ہیں


 روسی صدر ولادی میر پوٹن ( دائیں) ایرانی صدر مسعود پزیشکیا ن سے اشک آباد میں ملاقات کے دوران ، فوٹو اے پی 11 اکتوبر 2024
روسی صدر ولادی میر پوٹن ( دائیں) ایرانی صدر مسعود پزیشکیا ن سے اشک آباد میں ملاقات کے دوران ، فوٹو اے پی 11 اکتوبر 2024
  • روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے جمعے کو ایران کے صدر سے ملاقات کی۔
  • " بین الاقوامی واقعات پر ہمارے موقف آپ سے ملتے جلتے ہیں ۔"پیزشکیان
  • تا س نے کہا کہ پوٹن نے ایرانی رہنما کو روس کے دورے کی دعوت بھی دی اور پیزشکیان نے اسے قبول کر لیا ۔
  • پوٹن نے کہا کہ وہ مغرب کا مقابلہ کرنے کے لیے ماسکو کے اتحادیوں کا ایک "نیا ورلڈ آرڈر" بنانا چاہتے ہیں۔
  • کانفرنس میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سمیت دوسرے علاقائی رہنما اور وسطی ایشیائی ممالک قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔

روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے جمعے کو ایسے وقت میں ایران کے صدر سے ملاقات کی جب تہران ماسکو کو یوکرین میں جنگ کے لیے ہتھیار فراہم کر رہا ہے اوردوسری طرف اسرائیل اور ایران اور اس کے عسکری اتحادیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے حملوں پر خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

روسی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ پوٹن اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں ایک بین الاقوامی فورم کے موقع پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

کریملن کی فراہم کردہ ویڈیو کے مطابق، جمعے کو فورم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے، پوٹن نے کہا کہ وہ مغرب کا مقابلہ کرنے کے لیے ماسکو کے اتحادیوں کا ایک "نیا ورلڈ آرڈر" بنانا چاہتے ہیں۔

روسی صدر ولادی میر پوٹن اشک آباد میں ایک کلچرل فورم سے خطاب کے دوران ، فوٹو اے پی 11 اکتوبر 2024
روسی صدر ولادی میر پوٹن اشک آباد میں ایک کلچرل فورم سے خطاب کے دوران ، فوٹو اے پی 11 اکتوبر 2024

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق، دونوں صدور کی ملاقات کے دوران، پوٹن نے پیزشکیان کو بتایا کہ بین الاقوامی واقعات پر ماسکو اور تہران کے موقف اکثر ایک دوسرے سےبہت ملتے جلتے ہیں۔

تاس نے کہا کہ پوٹن نے ایرانی رہنما کو روس کے دورے کی دعوت بھی دی اور پیزشکیان نے اسے قبول کر لیا۔

پیزشکیان نے بھی پوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کے آغاز میں کہا کہ"ہمارے پاس اس وقت بہت سے مواقع ہیں، اور ہمیں اپنے تعلقات میں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔ بین الاقوامی واقعات پر ہمارے موقف آپ سے ملتے جلتے ہیں ۔"

روسی صدر ولادی میر پوٹن ( دائیں) ایرانی صدر مسعود پزیشکیا ن سے اشک آباد میں ملاقات کے دوران ، فوٹو اے پی 11 اکتوبر 2024
روسی صدر ولادی میر پوٹن ( دائیں) ایرانی صدر مسعود پزیشکیا ن سے اشک آباد میں ملاقات کے دوران ، فوٹو اے پی 11 اکتوبر 2024

پیزشکیان نے کہا کہ لبنان پر اسرائیل کے "وحشیانہ حملے"ناقابل بیان" ہیں ۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں زمینی فوج بھیجی ہے اور وہ ملک میں ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے جنگجوؤں کے خلاف فضائی حملے کر رہی ہے۔

کانفرنس میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سمیت دوسرے علاقائی رہنما اور وسطی ایشیائی ممالک قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔

توقع ہے کہ پوٹن ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے بھی بات چیت کریں گے۔

بردی محمدوف کو مارچ 2022 میں اپنے والد گربنگولی کی جانشینی کے لیے منتخب کیا گیا تھا، جو 2006 سے گیس سے مالا مال اس ملک کوچلا رہے تھے۔

ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف
ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف

ترکمانستان 1991 میں سوویت یونین کے خاتمے کے بعد آزاد ہونے کے بعد سے مطلق العنان حکمرانوں کے تحت زیادہ تر الگ تھلگ رہا ہے۔

یوکرین پر 2022 میں روس کے حملے کے بعد ماسکو اور تہران نے ایران کےلیے روس کو ڈرون بر آمد کرنے کے لیے ایک اعشاریہ سات ارب ڈالر کے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے اور امریکہ کا یہ خیال بھی ہے کہ ایران روس کو مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی بھی کر چکا ہے

اس ہفتے برطانیہ کی قومی انٹیلیجینس ایجنسی MI5 کے سربراہ کین میک کیلم نے دونوں ملکوں پر برطانیہ کی سرزمین پر قتل، تخریب کاری اور دوسرے جرائم کی کوششوں میں "حیران کن" اضافے کا الزام عائد کیاتھا۔

میک کیلم نے کہا کہ ان کے ایجنٹ اور پولیس 2022 سے اب تک ایران کی پشت پناہی کی حامل 20، ممکنہ طور پر مہلک سازشوں سے نمٹ چکے ہیں۔ اور ایران نے انتباہ کیا ہے اگر مشرق وسطیٰ میں تنازعات مزید گہرے ہوئے تو وہ برطانیہ میں اپنے اہداف میں اضافہ کر سکتا ہے۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG