رسائی کے لنکس

یوکرین  کے ریلوے اسٹیشن پر روسی راکٹ حملہ، 30 افراد ہلاک 100سے زائد زخمی


کراماٹوسک ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم کی تصویر۔ 8 اپریل 2022ء
کراماٹوسک ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم کی تصویر۔ 8 اپریل 2022ء

مشرقی یوکرین میں واقع ایک ریلوے اسٹیشن پر جمعے کو روسی راکٹ حملوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک جب کہ 100سے زیادہ زخمی ہوگئے۔ریلوے کے اہل کاروں نے بتایا ہے کہ اس اسٹیشن سے ایک ایسے وقت میں شہری آبادی کے انخلا کا عمل جاری تھا، جب خطے کو بڑے پیمانے پر روسی حملوں کے خطرات لاحق ہیں۔

رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق، کراماٹوسک نامی ریلوے اسٹیشن پر دو راکٹ گرے۔ ڈونیسک خطے کے گورنر نے بتایا ہے کہ اُس وقت اسٹیشن پر ہزاروں افراد اور ان کے اہل خانہ محفوظ علاقوں کی جانب روانہ ہونے کے لیے موجود تھے۔

وائٹ ہاؤس نے ریلوے اسٹیشن پر کیے گئے اس حملے کو ''خوفناک'' قرار دیا ہے جس کی'' ہولناک'' تصاویر سامنے آچکی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان، کیٹ بیڈنگ فیلڈ نے سی این این کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ امریکہ روسی حملوں کے خلاف یوکرین کی حمایت جاری رکھے گا۔

یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بتایا ہے کہ میزائل اس وقت گرا جب ہزاروں لوگ ریل گاڑی پر سوار ہونے کا انتظار کر رہے تھے۔

موصول ہونے والی تصاویر میں ہلاک و زخمی پلیٹ فارم پر پڑے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، جب کہ گرنے والے راکٹ پر روسی زبان میں تحریر ہے: ''بچوں کے لیے''۔

کراماٹوسک ریلوے اسٹیشن
کراماٹوسک ریلوے اسٹیشن

دوسری جانب، یورپی یونین نے جمعے کو باضابطہ طور پر روس کے خلاف مزید تعزیرات عائد کرنے کا اعلان ہے۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈر لیان اور یورپی یونین کی بیرونی پالیسی کے سربراہ، جوزف بوریل نے آج یوکرین کا دورہ کیا۔

اقتصادی شعبے میں نافذ کی جانے والی ان تعزیرات کا تعلق کوئلے، عمارتی لکڑی اور کیمیکلز سے ہے جن کی درآمد بند کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تمام روسی بینکوں کے ساتھ لین دین پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

برطانوی وزارت دفاع نے جمعے کے روز کہا ہے کہ یوکرین میں موجود روسی فوج شمالی یوکرین سے بیلاروس تک کے خطے سے واپس چلی گئی ہے۔ انٹیلی جنس کی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ کچھ روسی فوج کو مشرقی یوکرین میں تعینات کیے جانے کا امکان ہے، تاکہ وہ ڈونباس کے علاقے میں لڑ سکے، جو روس کی سرحد سے ملنے والا یوکرینی خطہ ہے۔

دریں اثنا ، روس نے اپنے حملے کے بارے میں حقیقی تخمینہ لگاتے ہوئے جمعے کے روز یہ بات تسلیم کی کہ فوج کی ہلاکتوں میں اضافہ ایک ''سانحہ''ہے، جب کہ پابندیوں کے نتیجے میں روس کی معیشت کو کاری ضرب لگ چکی ہے۔

کراماٹوسک ریلوے اسٹیشن
کراماٹوسک ریلوے اسٹیشن

روسیوں کے ہاتھوں شمالی یوکرین میں ڈھائے گئے مظالم کی داستانیں اب زبان زد عام ہیں، جس کے بعد مزید کئی ملکوں نے بھی روس کے خلاف پابندیاں عائد کی ہیں یا پھر پہلے سے موجود تعزیرات کو مزید سخت کر دیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے جمعرات کو خبردار کیا کہ روسی فوج کے ہاتھوں یوکرینی شہری آبادی کے خلاف کیے گئے مظالم کے مزید شواہد بہت جلد منظر عام پر آنے والے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب روس کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے گا۔

روس نے ان اطلاعات کو مسترد کیا ہے کہ اس کی فوج نے بوچا میں شہری آبادی کے خلاف ظلم و بربریت کیا ہے۔

بلنکن نے کہا کہ امریکہ اور اس کے نیٹو اتحادی اس بات پر متحد ہیں کہ روس کے خلاف دفاع کے لیے یوکرین کو مزید اسلحہ فراہم کیا جائے گا۔

(خبر میں شامل کچھ حقائق رائٹر زاور ایسو سی ایٹڈ پریس سے لیے گئے ہیں)

XS
SM
MD
LG