رسائی کے لنکس

روس یوکرین کی تباہی پر تلا ہوا ہے: یاتسینوک


وزیر اعظم آرسنی یاتسینوک نے روس پر یوکرین کی عبوری حکومت کے خلاف ’اشعال انگیزی پر منبی‘ سازش رچانے کا الزام لگایا ہے

یوکرین کے وزیر اعظم آرسنی یاتسینوک نے کہا ہے کہ جھڑپوں کے ہتھکنڈے اپنا کر روس یوکرین کو تباہ کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے، جس میں گولیاں چلانے کا واقعہ شامل ہے جس واقع میں اڈیسا میں 42 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر تعداد روس نواز سرگرم کارکنوں کی تھی۔

اتوار کے دِن مسٹر یاتسینوک نےاُڈیسا کا دورہ کیا، جس سے دو ہی روز قبل جنوبی بندرگاہ والے دس لاکھ آبادی کے اِس شہر میں ہولناک آتشزدگی کا واقع پیش آیا۔

اُنھوں نے روس پر کیئف کی عبوری حکومت کے خلاف ’اشعال انگیزی پر منبی‘ سازش رچانے کا الزام لگایا۔


بقول اُن کے،’ ملک کی تباہی و بربادی، اور اِس کا شیرازہ بکھیرنے کےیہ حربے، یہی روسی سازش کا حصہ ہیں۔ اڈیسا میں دو ماہ سے تعطل جاری تھا۔ لیکن، اُنھوں (روسیوں نے) یہاں مزید کمک روانہ کی، تاکہ صورت حال مزید بگڑے۔ روس کے لیے اُڈیسا کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ لیکن، ہمارے لیے اِس کی قدر و منزلت کہیں زیادہ ہے، کیونکہ اُڈیسا ہمارا ہے، یہ ہمارا ملک ہے اور یہ ہمارے لوگ ہیں‘۔

یوکرین نے کہا ہے کہ وہ مشرقی یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی میں تیزی لائے گا، ایسے میں جب کریملن نے خبر دی ہے کہ اُسے علاقے کے ہزاروں روسی زبان بولنے والے شہریوں کی طرف سے مدد کی التجائیں موصول ہو رہی ہیں۔

یوکرین کے وزیر داخلہ، آرسن اواکوف نے کہا ہے کہ کراماتوسک میں باغیوں سے ٹیلی ویژن ٹاور اور حکومتی عمارات کا قبضہ خالی کرا لیا گیا ہے، جو روس نواز مسلح افراد کا گڑھ اور سلویانسک شہر کے قریب واقع ایک قصبہ ہے۔
XS
SM
MD
LG