یوکرین کی محصور شہری آبادی کے انخلا کے لیے روس کی جانب سے نئی جنگ بندی کا اعلان
روس نے بدھ کو جنگ بندی کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ہے تاکہ جو لوگ یوکرین کے ان علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں جن پر روسی فوج کا قبضہ ہے، وہ وہاں سے باہر نکل سکیں۔
ایک روز قبل ہزاروں شہری یوکرین کے شمال مشرق میں واقع شہروں سے نقل مکانی کرگئے تھے جب کہ یوکرین کے حکام نے الزام لگایا ہے کہ روس نے ملک کے جنوبی حصے میں انخلا کے اعلان کردہ راستے میں گولہ باری کی۔
یوکرین کے معاون وزیر اعظم، ارینا ورشوک نے کہا ہے کہ روس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انخلا کے نئے راستے دارالحکومت کیف کے متعدد قریبی قصبہ جات سے سومی، ماریپول، انرہدار، وولنوویخا، ازوم کی جانب جاتے ہیں۔
ماریپول جہاں روس کے قبضے کے بعد بندرگاہ والے اس شہر میں بجلی، خوراک اور پانی کی سپلائی بند ہے، جس کے باعث پریشان حال شہری باہر جانے پر مجبور ہیں۔ ورشوک نے کہا کہ روسی افواج نے سامان لے جانے والےایک قافلے پر گولیاں چلائیں۔
یوکرین کے شہر ماریپول میں اسپتال پر حملے کے بعد کے مناظر
یہ تباہی کے مناظر یوکرین کے شہر ماریپول کے اسپتال کے ہیں جہاں روسی افواج کے حملے کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کی افواج نے میٹرنٹی اسپتال کو نشانہ بنایا ہے جس کے سبب نومولود سمیت کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کب تک اس دہشت کو نظرانداز کرتی رہے گی۔
یوکرین آن لائن ڈیٹا محفوظ بنانے کے لیے متحرک
یوکرین کوشش کر رہا ہے کہ وہ روس سے اپنی آن لائن معلومات اور سرورز کو محفوظ بنا سکے۔
خبر رساں ادارے ’ رائٹرز‘ کے مطابق سائبر سیکیورٹی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ یوکرین کی حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے کہ روس کی افواج کی ملک میں زیادہ اندر تک آنے کی صورت میں ڈیٹا اور سرورز کو بیرونِ ملک منتقل کیا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے متعلقہ محکمے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔
یوکرین کے کھلاڑیوں کی امن کی اپیل
چین کے دارالحکومت میں جاری بیجنگ وینٹر پیرالمپکس میں شریک یوکرین کے کھلاڑیوں اور دیگر آفیشلز نے اپنے ملک میں امن کے قیام کی اپیل کی ہے۔
جمعرات کو یوکرین کے ان کھلاڑیوں اور دیگر افراد نے ایک بینر کے ساتھ تصویر جاری کی جس پر امن کے قیام کا مطالبہ درج تھا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ ان افراد نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کیا۔