یوکرین کو ٹینک شکن میزائل اور ایئر ڈیفنس سسٹم بھیج رہے ہیں، نیٹو
نیٹو روسی فورسز سے مقابلے کے لیے یوکرین کو ٹینک شکن میزائل اور ایئر ڈیفنس سسٹم کی صلاحیت فراہم کر رہا ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولن برگ نے یوکرین کو ہتھیار کی فراہمی کے متعلق اسٹونیا کے ٹاپا ملٹری مرکز میں ایک بریفنگ کے دوران بتایا۔
وائس آف امریکہ کی سیکیورٹی کراسپنڈنٹ جیف سیلڈن نے اپنی رپورٹ میں اسٹونیا میں ہونے والے نیوز کانفرنس کے اہم نکات بیان کیے ہیں جس میں برطانیہ اور اسٹونیا کے وزرائے اعظم بھی موجود تھے۔
لاویف میں پناہ گزینوں کے ہجوم بڑھ رہے ہیں
پہلی نظر میں لاویف کسی دوسرے وسط یورپی قصبے کی طرح کا ایک عام شہر لگتا ہے جہاں سڑکوں پر لوگ رواں دواں ہوں۔ لیکن گہری نظر ڈالی جائے تو پتا چلتا ہے کہ یہ سیر کرنے والے عام سیاح نہیں ہیں بلکہ یوکرین کے دیگر علاقوں سے وارد ہونے والے پناہ گزیں ہیں، جو پولینڈ جانے والے بڑے قافلے کا حصہ بنیں گے یا یہ وہ پناہ گزین ہیں جو دوسری سرحدی چوکیوں کی جانب جا رہے ہیں۔
ممکن ہے کہ 18 سے لے کر 60 برس کی عمروں کے یہ افراد وہ ہیں جو لاویف میں پھنس کر رہ گئے ہیں جنھیں ملک سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے، یا جن کا نام لڑنے والوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
وائس آف امریکہ کے جیمی ڈِٹمر اس وقت لاریف میں ہیں۔ انھوں نے وہاں موجود لوگوں سے گفتگو کی، وہ خوف کا شکار ہیں اور جنگ کو مزید بھڑکتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔
ملائیشیا نے روسی آئل ٹینکر کو اپنی بندرگاہ پر لنگرانداز ہونے سے روک دیا
ملائیشیا کی حکومت نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی پرچم بردار آئل ٹینکر کو، جس پر امریکی پابندیاں عائد ہیں، ملائیشیا کی 'کوالا لنگی' بندگاہ پر لنگر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ امریکی پابندیوں کا مقصد یوکرین کے خلاف جارحیت پر ردعمل میں ماسکو سے تعلق رکھنے والے کاروباری اداروں کو عالمی سطح پر دباؤ محسوس کرانا ہے۔
آئی ٹینکر کا نام 'لِنڈا' ہے، جس سے متعلق امریکی محکمہ خزانہ نے منگل کے روز بتایا تھا کہ وہ ان اکائیوں میں شامل ہے جن پر امریکی تعزیرات لاگو کی گئی ہیں، اور وہ اس وقت ملائیشیا کی بندرگاہ کی طرف جا رہا ہے۔ رائٹرز نے شپنگ ڈیٹا کے حوالے سے منگل کو خبر دی تھی کہ یہ بحری جہاز اس اختتام ہفتہ ملائیشیا پہنچ جائے گا۔
ملائیشیا کی وزارت مواصلات نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بندرگاہ کے منتظم نے روسی آئل ٹینکر کو آگاہ کر دیا ہے کہ اسے لنگرانداز ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ثابت کریں کہ آپ ہمارے ساتھ ہیں، زیلنسکی کا یورپ سے مکالمہ
ویڈیو لنک کے ذریعے منگل کو ایک پُرجوش خطاب میں یوکرین کے صدر ولودی میر زیلنسکی نے یورپی پارلیمان سے اپیل کی کہ وہ یوکرین کی جانب سے یورپی یونین کی رکنیت کے حصول کی درخواست کو ہنگامی بنیادوں زیر غور لایا جائے۔
زیلنسکی نے کہا کہ ''ہم اپنے حقوق کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ ہم اپنی آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ اور اب ہم اپنی جان بچانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔ ہم یورپ کے مساوی حقوق کے حامل رکن بننے کے لیے بھی لڑ رہے ہیں''۔
بقول ان کے، ''ثابت کرو کی آپ ہمارے ساتھ ہو۔ یہ بات ثابت کردو کہ ہمیں الگ نہیں کرو گے۔ ثابت کر دو کہ آپ واقعی یورپی ہو۔ اور پھر، موت پر زندگی کو فتح ہو گی اور روشنی کو تاریکی پر فتح حاصل ہو گی''۔