رسائی کے لنکس

ایرانی صدر حسن روحانی کا قومی یکجہتی پر زور


صدر حسن روحانی
صدر حسن روحانی

ایران میں یوکرین کے مسافر طیارے کی تباہی پر ملک گیر احتجاج اور پارلیمانی انتخابات سے ایک ماہ پہلے صدر حسن روحانی نے قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

امریکہ سے کشیدگی کے عروج پر تہران میں یوکرین کا مسافر بردار طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے تباہ ہوگیا تھا۔

ابتدائی طور پر ایران نے کہا تھا کہ طیارہ تکنیکی مسائل کے نتیجے میں تباہ ہوا لیکن بعد میں تسلیم کیا گیا کہ ایرانی فوجی اہلکاروں کی غلطی کے باعث طیارے کو میزائل لگا تھا۔ اس واقعے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس انکشاف کے بعد ایران میں کئی روز تک احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں عوام نے ملک کے رہنماؤں کے خلاف برہمی کا اظہار کیا۔

صدر روحانی نے بدھ کو سرکاری ٹیلی وژن پر قوم سے براہ راست خطاب میں کہا کہ اگر فوج کی جانب سے طیارے کی تباہی سے متعلق اطلاع دینے میں تاخیر ہوئی ہے تو اسے معذرت کرنا ہوگی۔

انہوں نے اس المناک واقعے کے بارے میں مکمل وضاحت کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت میں انتظامی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

صدر روحانی نے انتخابی اہلکاروں پر زور دیا کہ 21 فروری کے انتخابات میں کسی امیدوار کو شرکت سے نہ روکا جائے۔ موجودہ نظام کے تحت آئینی نگرانی کا ادارہ امیدواروں کی چھان بین کرتا ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد روحانی نے کہا کہ عوام مالک اور ہم ان کے خدمت گزار ہیں۔ خادم کے لیے لازم ہے کہ وہ شائستگی، احتیاط اور ایمانداری سے مالک کی خدمت کرے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھی بدھ کو مظاہرین سے خطاب کیا۔

XS
SM
MD
LG