رسائی کے لنکس

رونالڈو کو سعودی لیگ بھا گئی، مزید فٹ بالرز کو بھی دعوت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرسٹیانو رونالڈو کو سعودی فٹ بال کلب بھا گیا ہے اب انہیں امید ہے کہ دیگر فٹ بالرز بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سعودی لیگ کا حصہ بنیں گے۔

رونالڈو نے مقامی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں سعودی عرب میں فٹ بال لیگ اور کھلاڑیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عرب ٹیمیں بہت اچھی ہیں اور عرب کھلاڑیوں میں بھی بہت صلاحیت ہے لیکن سعودی عرب میں فٹ بال انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے میچز کے دوران ریفریز، وی اے آر سسٹم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان چیزوں کو تیز ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ رونالڈو نے رواں برس جنوری میں سعودی فٹ بال کلب النصر سے ڈھائی سال کا معاہدہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ 220 ملین ڈالر کا تھا۔

رونالڈو نے النصر کی جانب سے کھیلتے ہوئے سعودی پرو لیگ ایس پی ایل میں مجموعی طور پر 16 میچز میں 14 گول اسکور کیے لیکن وہ انجری کے باعث ایونٹ کا فائنل نہیں کھیل سکے تھے۔

ایس پی ایل کے فائنل میں الاتحاد کلب نے النصر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

رونالڈو نے سعودی لیگ سے متعلق کہا کہ انہوں نے النصر کلب میں ایک نئی زندگی کو اختیار کیا ہے اس سے قبل وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریال میڈرڈ اور جوینٹس جیسے کلبز کی نمائندگی کر چکے ہیں جہاں کا تجربہ مختلف تھا۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں صبح ٹریننگ کرتے ہیں لیکن سعودی عرب میں شام یا رات میں ٹریننگ کرنا پڑتی ہے اور رمضان میں تو 10 گھنٹے تک رات میں ٹریننگ کرنا ہوتی ہے جو بالکل حیران کن ہے۔

سعودی لیگ میں رونالڈو کی آمد کے بعد دیگر بڑے ناموں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ حال ہی میں لیونل میسی کو الہلال کلب نے اگلے سیشن کے لیے کلب کا حصہ بننے کی پیش کش کی تھی۔

اسی طرح فرانسیسی سپر اسٹار کریم بینزیما کو بھی الاتحاد کلب نے 100 ملین یورو کی پیش کش کی تھی۔

رونالڈو کا کہنا ہے کہ اگر مذکورہ اسٹار فٹ بالرز سعودی کلبز کا حصہ بنتے ہیں یا نوجوان کھلاڑی بھی سعودی لیگز میں آتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹار کھلاڑیوں کی شمولیت سے سعودی لیگ کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔

(اس خبر کا کچھ مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG