مسلم دنیا میں رمضان کے مہینے میں کی جانے والی عبادات مکمل مذہبی عقیدے، جوش و خروش اور دلی جذبے کے ساتھ جاری ہیں۔ عبادات کی ادائیگی کے حوالے سے سعودی شہر مکہ اور مدینہ سرفہرست ہیں۔
’حج اینڈ عمرہ پبلک ایڈمنسٹریشن مکہ‘ کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر صالح سقر کے مطابق، مکہ میں واقع دنیا کی سب سے بڑی عبادت گاہ ’مسجد الحرام‘ میں پہلے عشرے کے دوران 80 لاکھ افراد نے عبادت کی جبکہ اگر دوسرے عشرے میں بھی اتنے ہی لوگوں نے عبادت کی تو دوسرے عشرے کے اختتام تک عبادت گزاروں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 60 لاکھ سے بھی زیادہ ہوجائے گی۔
تیسرے عشرے میں طاق راتوں اور شب قدر ہونے کے سبب صرف ستائس ویں شب میں 25 لاکھ سے زیادہ افراد عبادت کرتے ہیں۔ اس طرح پورے مہینے کے دوران عبادت گزاروں کی مجموعی تعداد کہاں تک جا پہنچتی ہے، اس کا اندازہ لگانا کچھ مشکل نہیں۔ صالح سقر کا کہنا ہے کہ ’رمضان المبارک کے پہلے 10 دنوں کے دوران، عبادت گزاروں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 49 فیصد زیادہ ہے۔‘
اڑتیس لاکھ گاڑیاں، ڈھائی ہزار کا عملہ، 2542 مشینیں
اسی لاکھ افراد کی آمد و رفت کے لئے 38 ہزار گاڑیاں استعمال کی گئیں، جبکہ مسجد الحرام کے شعبہ صفائی کے سربراہ ماہر الزہرانی کے مطابق مسجد کی صفائی کیلئے ڈھائی ہزار کارکن 3 شفٹوں میں 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ عملے کے مطابق، مسجد سے روزانہ دوہزار پانچ سو بیالیس مشینوں کے ذریعے 143 ٹن کچرا صاف کیا جاتا ہے۔
پانچ ہزار کیمرے ، 24 گھنٹے مانیٹرنگ
سعودی حکومت نے حفاظتی اور ہجوم کنٹرول کرنے کیلئے مسجد الحرام کی تمام منزلوں اور صحنوں میں 5000 کیمرے نصب کئے ہیں، جن کے ذریعے منیٰ میں واقع کنٹرول سینٹر میں 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔
مفت وائی فائی کی سہولت
سعودی عرب کی حکومت نے رواں سال سے مسجد الحرام کے بیرونی صحن میں وائی فائی کے ذریعے مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کی ہے، تاکہ زائرین کو ایک دوسرے سے رابطے میں مدد مل سکے۔
رجسٹریشن کے لئے 6زبانوں کی سہولت
مفت وائی فائی کے علاوہ مسجد الحرام میں اعتکاف کی آن لائن رجسٹریشن کیلئے 6 زبانوں میں نئی سہولت فراہم کی گئی ہے، ان زبانوں میں عربی، انگریزی، فرانسیسی، اردو، ترک اور فارسی زبانیں شامل ہیں۔
پہلا نجی ایئرپورٹ
سعودی عرب میں عازمین حج کیلئے اربوں ڈالر کی لاگت سے تیار ہونیوالے ریاست کے پہلے نجی ایئرپورٹ کو باقاعدہ طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایئر پورٹ کا نام ’کنگ سلمان بن عبدالعزیز ہوگا۔ ایئرپورٹ آپریٹر کی ویب سائٹ کے مطابق، ہوائی سفر کو بہتر بنانے کی غرض سے مدینہ کے ڈومیسٹک ایئر پورٹ کو اربوں ڈالر کے اخراجات سے انٹرنیشنل معیار کے مطابق، اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
سینئر صحافی شاہد نعیم کا کہنا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پچھلے ہفتے مدینہ منورہ کا دورہ کیا اور مسجد نبوی کے توسیعی منصوبے کا جائزہ لیا اور ایئرپورٹ کا کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔