روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کو نومبر میں ہونے والے الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔
کریملن سے جاری ایک حکومتی بیان میں پوٹن نے نئے امریکی صدر کی ہر ممکن کامیابی کی خواہشات کا اظہار کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ روس اور امریکہ دنیا کو درپیش مسائل اور چیلنجز کے حل میں مدد کر سکتے یں۔
روسی صدر نے کہا کہ وہ نئے امریکی رہنما سے رابطہ قائم کرنے اور ملاقات کے لیے تیار ہیں۔
تین نومبر کو ہونے والے الیکشن کے بعد کئی عالمی رہنماوں نے بائیڈن سے رابطہ کر کے ان کو نیا صدر منتخب ہونے پر مبارکب باد دی تھی اور 20 جنوری کو قائم ہونے والی نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعاون پر بات چیت کی.
نو منتخب صدر کو مبارک باد دینے کے سلسلے میں روسی صدر پوٹن نے کہا تھا کہ وہ انتخابات کے سرکاری نتائج آنے تک انتظار کریں گے۔
پیر کو امریکہ کی تمام ریاستوں پر مشتمل الیکٹورل کالج کے ممبران نے انتخابی نتائج کی ووٹ ڈال کر توثیق کر تے ہوئے انتخابات کے نتائج کو سرکاری طورپر تسلیم کیا۔