رسائی کے لنکس

ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف ایک اور نشست سے محروم


پاکستان کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی۔ فائل فوٹو
پاکستان کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی گنتی۔ فائل فوٹو

ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو ایک اور نشست سے ہاتھ دھونا پڑ گیا۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پشاور سے خالی نشست سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صلاح الدین کامیاب قرار پاگئے ہیں۔ تاہم تحریک انصاف اتوار کے روز ہونے والے ضمنی انتخاب میں کراچی سے جیتی دونوں نشستیں ایک بار پھر جیتنے میں کامیاب رہی۔

خیبر پختونخواہ اسمبلی کے حلقہ پی کے 71 پشاور سے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صلاح الدین 11527 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جبکہ تحریک انصاف کے ذوالفقار خان 9854 ووٹ حاصل کرسکے۔ اس ضمنی الیکشن میں گورنر خیبرپختونخواہ کے بھائی ذوالفقار خان سمیت 5 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔ عام اتنخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار شاہ فرمان کامیاب قرار پائے تھے جنہوں نے گورنر بننے کے بعد یہ سیٹ چھوڑ دی تھی۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 111 میں تحریک انصاف کے امیدوار شہزاد قریشی کامیاب قرار پائے۔ شہزاد قریشی نے مجموعی طور پر 11 ہزار 658 ووٹ حاصل کئے۔ ان کے قریب ترین مد مقابل پیپلز پارٹی کے فیاض پیرزادہ نے 5 ہزار 780 ووٹ حاصل کئے۔ اسی حلقے سے ایم کیو ایم کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔ یہ نشست عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے تحریک انصاف کے عمران اسماعیل نے حاصل کی تھی جنہیں بعد میں گورنر سندھ بنا دیا گیا تھا۔

ضمنی انتخاب کی تیسری نشست بھی کراچی کی تھی جہاں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 میں تحریک انصاف کے آفتاب صدیقی نے کامیابی حاصل کی۔ آفتاب صدیقی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق 32 ہزار 326 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اس نشست پر دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار ایم کیو ایم کے صادق افتخار ہیں جنہوں نے 13 ہزار935 ووٹ حاصل کئے۔

این اے 247 سے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی کامیاب ہوئے تھے۔ بعد میں ان کے صدرِ پاکستان بن جانے کے سبب یہ نشست خالی ہو گئی تھی۔

اس نشست پرہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے آفتاب صدیقی، ایم کیو ایم کے صادق افتخار، پیپلزپارٹی کے قیصر نظامانی اور پی ایس پی کے ارشد وہرہ سمیت کل 16 امیدوارمیدان میں تھے تاہم اصل مقابلہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے امیدواروں کے درمیان ہی تھا۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی اسی نشست سے 91 ہزار 20 ووٹ حاصل کئے تھے۔ جبکہ قریب ترین مد مقابل ایم کیو ایم کے فاروق ستار تھے جنہوں نے 24 ہزار 146 ووٹ حاصل کئے تھے۔ اس طرح عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار نے 66 ہزار سے زائد ووٹ سے فتح حاصل کی تھی۔ لیکن ضمنی انتخاب میں جیتنے والے امیدوار کے ووٹ اور لیڈ دونوں میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

گزشتہ اتوار کو ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو نقصان اٹھانا پڑا تھا اور قومی اسمبلی کی تین نشستیں جہاں سے پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے ان کی سیٹیں اپوزیشن نے جیت لی تھیں ۔ ان تین نشستوں میں وزیراعظم عمران خان کی جیتی ہوئی دو نشستیں بھی شامل تھیں۔

XS
SM
MD
LG