رسائی کے لنکس

عمران خان کا 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان


سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ جتنی دیر بھی اسلام آباد میں رہنا پڑے وہ رہیں گے، چاہے جان کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑی۔ (فائل فوٹو)
سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ جتنی دیر بھی اسلام آباد میں رہنا پڑے وہ رہیں گے، چاہے جان کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑی۔ (فائل فوٹو)

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔

پشاور میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ 25 مئی کو سرینگر ہائی وے پر عوام سے ملیں گے لہٰذا ملک بھر سے قافلے اسلام آباد پہنچیں۔

حکومت کے خلاف احتجاج کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ جتنی دیر بیٹھنا پڑا اسلام آباد میں بیٹھیں گے۔ تحریکِ انصاف کا مطالبہ ہے کہ اسمبلی تحلیل کی جائیں، عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے جب کہ صاف و شفاف الیکشن کو یقینی بنایا جائے۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے بیورو کریسی اور اسلام آباد انتظامیہ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر اُن کے کارکنوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو وہ ایکشن لیں گے۔

اُنہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ پہلے ہی اسلام آباد کا رُخ کریں کیوں کہ انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی جائے گی۔

فوج کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نیوٹرل رہیں کیوں کہ یہ ملک کی سالمیت کے لیے ضروری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ فوج کے اہلکاروں اور افسران کے اہلِ خانہ، سابق فوجی افسران اور سول سرونٹس کو دعوت دیتے ہیں کہ تین بجے سرینگر ہائی وے پر احتجاج میں شریک ہوں۔

اپنی حکومت ختم ہونے اور قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اُنہیں گزشتہ برس جون میں ہی حکومت کے خلاف سازش کا علم ہو گیا تھا۔ تحریکِ انصاف نے پوری کوشش کی کہ اس سازش کو ناکام بنایا جائے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سازش ان کی حکومت کے خلاف نہیں تھی بلکہ پاکستان کے خلاف تھی کیوں کہ 2018 میں انہیں ملک دیوالیہ حالت میں ملا تھا البتہ تحریکِ انصاف کی حکومت آنے کے بعد ملک آگے بڑھ رہا تھا۔

سربراہ تحریکِ انصاف ایک بار پھر الزام دہرایا کہ امریکہ کی سازش کے ذریعے جن لوگوں کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے وہ برسوں سے کرپشن میں ملوث رہے ہیں۔

وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے ہٹنے سے قبل اپنے ماسکو کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ان سے کہا گیا تھا کہ وہ روس کیوں گئے؟ آج بھارت میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، کیوں کہ اُنہوں نے روس سے سستے داموں تیل کی خریداری کے سودے کیے ہیں۔ پاکستان بھی روس کے ساتھ سستی گندم اور کم نرخ پر تیل کے سودے کر رہا تھا اور یہاں بھی پیٹرول سستا ہونا تھا۔

سابق وزیرِ اعظم نے ملک کی طاقت ور اسٹیبلشمنٹ پر الزام عائد کیا کہ وہ عسکری قیادت سے مشورہ کر کے روس گئے تھے لیکن امریکہ کو بتایا گیا کہ وہ ذاتی حیثیت میں روس گئے تھے۔

مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کی حکومت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو اب سمجھ نہیں آ رہی کہ ملک کو کیسے چلانا ہے۔ یہ آئی ایم ایف کے پاؤں پڑ رہے ہیں۔

حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے حق، احتساب کرنے والے ادارے نیب کے قانون اور دیگر قوانین ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ان کو فائدہ ہو سکے۔

XS
SM
MD
LG