رسائی کے لنکس

ترکیہ: زلزلے سے منہدم عمارتوں سے متعلق تحقیقات میں 184 افراد گرفتار


 رواں ماہ 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے اب تک 44 ہزار 128 افراد ترکیہ میں ہلاک ہو چکے ہیں۔
 رواں ماہ 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے اب تک 44 ہزار 128 افراد ترکیہ میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

ترکیہ میں رواں ماہ آنے والے زلزلے کے نتیجے میں گرنے والی عمارتوں سے متعلق کی جانے والی تحقیقات کے سلسلے میں 184 مشتبہ افراد کوحراست میں لیا گیا ہے جب کہ اس سلسلے میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

حالیہ زلزلے کے بعد گرنے والی عمارتوں کی وجہ سے عوام کے اشتعال میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگ اسے عمارتوں کی تعمیر میں کی جانے والی بد عنوانی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق رواں ماہ چھ فروری کو آنے والے زلزلے سے اب تک 44 ہزار 128 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ترکیہ کے ہمسایہ ملک شام میں ہونے والی اموات کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

زلزلے سے ایک لاکھ 60 ہزار عمارتیں جن میں پانچ لاکھ 20 ہزار اپارٹمنٹس شامل تھے یا تو مکمل طور پر گر گئے ہیں یا پھر انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔

زلزلے سے اموات، شام کے قبرستانوں میں جگہ کم پڑنے لگی
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:34 0:00

ترکیہ کے وزیرِ انصاف بیکر بزداگ کا جنوب مشرقی شہر دیار باکر میں صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ گرنے والی عمارتوں کے حوالے سے 600 افراد سے تحقیقات کی جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں 79 کنٹریکٹرز اور 74 وہ افراد شامل ہیں جن کی عمارتیں ان کی قانونی ذمہ داری تھی۔

وزیر کے مطابق 13 پراپرٹی کے مالکان اور 18 ان افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے گھروں میں تبدیلیاں کی تھیں۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان، جنہیں اپنے دو دہائیوں کے دور اقتدار کے بعد رواں سال جون میں مشکل صدارتی انتخابات کا سامنا کرنا ہے، نے احتساب کا وعدہ کیا ہے۔

سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق نرداغی ضلع کے میئر جن کا تعلق بر سر اقتدار جماعت اے کے پی سے ہے، وہ بھی گرنے والی عمارتوں سے متعلق ہونے والی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیے گئے ہیں۔

ترکیہ کی آفتوں سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق زلزلے کے بعد لگ بھگ 20 لاکھ بے گھر افراد عارضی ٹھکانوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تین لاکھ 35 ہزار سے زائد ٹینٹ لگائے گئے ہیں جب کہ 130 مقامات پر کنٹینرز سے بنے گھر قائم کیے گئے ہیں۔

ادارے کے مطابق پانچ لاکھ 30 ہزار کے قریب لوگوں کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں سے ریسکیو کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG