امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی صورتِ حال بہتر ہونے سے پہلے غالباً مزید خراب ہو گی۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار وائٹ ہاؤس میں نیوز بریفنگ کے دوران کیا۔
منگل کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ''ملک کے بعض حصوں میں حالات بہت بہتر ہیں۔ کچھ میں کم بہتر ہیں۔ یہ صورتِ حال غالباً بہتر ہونے سے قبل بدقسمتی سے مزید خراب ہو گی۔ میں اس طرح کی باتیں کہنا پسند نہیں کرتا۔ لیکن صورتِ حال کچھ ایسی ہی ہے۔''
انہوں نے کہا کہ آپ پوری دنیا کا حال دیکھ سکتے ہیں۔ پوری دنیا میں یہی صورتِ حال ہے۔
ماضی کے برعکس کرونا وائرس سے متعلق بریفنگ میں صدر ٹرمپ نے ماسک پہننے سے متعلق انتہائی سخت ترغیب دی اور کہا کہ ماسک کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔ لیکن، یہ بھی حقیقت ہے کہ خود انہوں نے بریفنگ کے دوران ماسک نہیں پہنا ہوا تھا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم ہر شخص سے کہہ رہے ہیں کہ جب آپ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے قابل نہ ہوں تو ماسک پہنیں۔ چاہے آپ پسند کریں یا نہ کریں، ماسک مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ خود ماسک پہن کر دوسروں کے لیے مثال قائم کریں گے؟ اس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ایسا کیا ہے۔ پھر انہوں نے اپنی جیب سے نیلے رنگ کا ماسک نکال کر دکھایا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں اسے اپنے ساتھ رکھتا ہوں۔ جب لفٹ میں سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ جاتا ہوں تو انھیں محفوظ رکھنے کے لیے ماسک پہنتا ہوں۔ میں اس کا عادی ہورہا ہوں۔ حب الوطنی کے بارے میں سوچیں۔ ممکن ہے کہ اس سے فائدہ ہو۔ اس سے فائدہ ہوتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپریل کے بعد منگل کو وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس کی پہلی نیوز بریفنگ کی ہے۔ اپریل تک وہ تقریباً روزانہ وبا کی صورتحال پر میڈیا سے گفتگو کرتے تھے جس میں وائٹ ہاؤس کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کے ارکان بھی شرکت کرتے تھے۔