وزیرِ اعلیٰ سندھ کے انتخاب کے لیے سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع
اسپیکر اویس قادر شاہ کی صدارت میں وزیرِاعلیٰ کے انتخاب کے لیے اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے۔
قائدِ ایوان کے لیے پیپلز پارٹی کے سید مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم کے علی خورشیدی مدِ مقابل ہیں۔
سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی اپیل پر ایف آئی اے کو نوٹس
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں سزا کے خلاف عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی اپیل پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
عدالت نے عمران خان کی سائفر کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر آفس اعتراضات دور کردیے ہیں۔دوسری جانب شاہ محمود قریشی کی اپیل پر بھی سماعت ہوئی جس پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کیا گیا۔
کسی سے انتقام لینے کا جذبہ نہیں: مریم نواز
پنجاب کی نو منتخب وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کے دل میں کسی سے انتقام لینے کا جذبہ نہیں ہے۔
پنجاب اسمبلی میں قائدِ ایوان کے انتخاب کے بعد اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ "جب آپ انتقام کا نشانہ بنتے ہیں تو یہ تاثر ہوتا ہے کہ آپ کے دل میں انتقام کا جذبہ ہوگا۔جنہوں نے مجھے ظلم کا نشانہ بنایا میں ان کی شکر گزار ہوں۔"
انہوں نے کہا کہ مجھ پر ظلم کرنے والوں نے احسان کیا ہے اور ایسی جدو جہد اور محنت سے گزارا ہے جس کا کوئی نعم البدل ہے۔
پنجاب کی پہلی خاتون وزیرِ اعلیٰ منتخب ہونے پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کا انتخاب ہر ماں، بہن اور بیٹی کی فتح ہے۔
مریم نواز پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ منتخب
مریم نواز پنجاب کی تاریخ میں پہلی خاتون وزیرِ اعلیٰ منتخب ہو گئی ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے قائد ایوان کے لیے پیر کو ووٹنگ ہوئی۔ مسلم لیگ ن کی امیدوار مریم نواز کو 220 ارکان نے ووٹ دیا جب کہ ان کے مدِ مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب احمد کو کوئی ووٹ نہیں ملا۔
قائد ایوان کے انتخاب کے عمل کے دوران سنی اتحاد کونسل نے احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔