ایرانی صدر کی لاہور اور کراچی آمد سے قبل سڑکیں بند
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور اور کراچی آمد سے قبل رکاوٹیں کھڑی کر کے کئی اہم سڑکیں ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کر دی گئی ہیں جب کہ دونوں شہروں میں عام تعطیل ہے۔
ابراہیم رئیسی اسلام آباد سے لاہور پہنچیں گے جس کے بعد وہ علامہ اقبال کے مزار پر حاضریں دیں گے۔ دورۂ لاہور کے بعد ایرانی صدر کراچی جائیں گے جہاں مختلف تقاریب میں شرکت سمیت وہ بانیٔ پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر حاضری بھی دیں گے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر تین روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔ گزشتہ روز اسلام آباد پہنچنے پر انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سمیت کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں۔ دونوں ملکوں نے دوطرفہ تجارت کاحجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق بھی کیا ہے۔
ایرانی صدر کے لاہور پہنچنے سے قبل شاہدرہ پل سے لاہور کی طرف جانے والی سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہیں جب کہ پی ایم جی چوک، کچہری چوک سے جانب داتا حضور مکمل بند ہے۔ اسی طرح بھاٹی چوک، انارکلی اور اس سے ملحقہ روڈ بھی معمول کی ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
ٹمبر مارکیٹ، لاری اڈا، سرکلر روڈ سے جانب بھاٹی چوک بند ہے جب کہ شاہدرہ کی جانب سگیاں پل، آؤٹ فال روڈ ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں بھی ایرانی صدر کی آمد سے قبل مختلف سڑکوں پر خوش آمدیدی بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
شہر کی مصروف شاہراہ ایم اے جناح روڈ سے صدر کی طرف جانے والے روڈ پر کنٹینر لگادیے گئے ہیں۔شاہراہ قائدین سے نمائش جانے والا روڈ بھی بند کردیا گیا ہے۔ پیپلز سیکرٹریٹ چورنگی کے اطراف بھی کنٹینر رکھ دیے گئے ہیں۔