رسائی کے لنکس

ایک عدالتی فیصلے کی 'غلط رپورٹنگ' سے غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں: سپریم کورٹ کا اعلامیہ

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں دوسری آئینی ترمیم 'مسلمان' کی تعریف سے انحراف کیا ہے، حالاں کہ تاثر بالکل غلط ہے۔

11:03 22.2.2024

’عمران خان کے جیل میں 200 دن مکمل، توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی پنجاب کی سابق انفارمیشن سیکریٹری رہنما مسرت چیمہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قید کو 200 دن مکمل ہو چکے ہیں۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم جیل کی مشکلات برداشت کرنے کے باوجود نظریے پر قائم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو توڑنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول عمران خان نے کوئی ڈیل نہیں کی۔

19:46 22.2.2024

سندھ اسمبلی: خواتین کے لیے مخصوص نشستوں میں سے 20 پیپلزپارٹی کے نام


الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی میں خواتین کے لیے مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔

اس فہرست کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں میں سے 20 پاکستان پیپلزپارٹی، چھ متحدہ قومی موومنٹ اور ایک گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے پاس آئی ہیں۔
اقلیتوں کی مخصوص نشستوں میں سے چھ پی پی پی اور دو ایم کیو ایم کو ملی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے تین مخصوص نشستوں پر ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔

18:01 22.2.2024

ایک عدالتی فیصلے کی ٖغلط رپورٹنگ سے غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں: سپریم کورٹ کا اعلامیہ

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک عدالتی فیصلے کی غلط رپورٹنگ کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں دوسری آئینی ترمیم 'مسلمان' کی تعریف سے انحراف کیا ہے، حالاں کہ تاثر بالکل غلط ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے حال ہی میں ایک کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مبارک احمد ثانی نامی ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا جن کا تعلق احمدی کمیونٹی سے ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مبارک احمد ثانی بنام ریاست مقدمے میں سپریم کورٹ نے یہ قرار دیا تھا کہ آیف آئی آر کے الزامات کو جوں کا توں تسلیم بھی کر لیا جائے تو بھی ان پر ان دفعات کا اطلاق نہیں ہوتا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ممنوعہ کتب کی نشر و اشاعت پر زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کی قید ہو سکتی ہے جب کہ ملزم پہلے ہی ایک سال جیل میں گزار چکا ہے۔ لہذٰا آئینی دفعات، اسلامی احکام اور انصاف کے تقاضوں کے تحت سپریم کورٹ نے ملزم کی رہائی کا حکم دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ ایسے مقدمات میں جذبات مشتعل ہو جاتے ہیں۔ حالاں کہ آئین میں ہے کہ ہر شہری کو اپنے مذہب پر چلنے کا حق ہے۔

17:46 22.2.2024

عمران خان نے کہا ہے کہ دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رُجوع کریں: شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات میں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ آخری امید کے طور پر الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے آرٹیکل 184 تین کے تحت رجوع کیا جائے گا۔

شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ ان انتخابات میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی مینڈیٹ چوری ہوئی ہے اور ہم اس مسئلے کو سپریم کورٹ کے سامنے لے جا رہے ہیں۔

15:14 22.2.2024

سندھ ہائی کورٹ کا 'ایکس' کی بحالی کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘کو بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے سماجی رابطے کی ایپ (ایکس) کی ملک بھر میں پانچ روز سے بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ ایکس کی سروس بغیر کسی خلل اور بندش کے بحال رکھی جائے۔

عدالت نے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )اور دیگر فریقین سے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کرلیا اور پی ٹی اے کو بلاجواز انٹرنیٹ، ویب سائٹس، ایکس اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنے سے روک دیا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG