خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی سے اتحاد پر مشاورت مکمل کر لی: جماعتِ اسلامی
جماعتِ اسلامی نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا میں جس سے چاہے اپنے معاملات طے کر لے، جماعت کو اس کے فیصلے پر خوشی ہو گی۔
ترجمان جماعتِ اسلامی قیصر شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی سے اتحاد کے حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے۔
ترجمان کے مطابق جماعت اسلامی نے طے کیا تھا کہ قومی سطح پر پی ٹی آئی سے اشتراکِ عمل قومی مفاد میں ہو گا لیکن تحریک انصاف نے اپنے مؤقف کو تبدیل کیا ہے۔
کراچی سے 21 نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری
الیکشن کمیشن نے کراچی سے قومی اسمبلی کی 22 میں سے 21 نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی جیت کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے 14 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سات امیدواروں کو کراچی سے کامیاب قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں اور جماعتِ اسلامی نے کراچی کے انتخابی نتائج پر اعتراض اٹھاتے ہوئے دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
پرویز الہیٰ کی ضمانت منظور
لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالتِ عالیہ نے محمد خان بھٹی کو پرنسپل سیکریٹری تعینات کرنے کے مقدمے میں پرویز الہی کی ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس مقدمے میں چیف سیکریٹری کو فریق ہی نہیں بنایا گیا اور یہ کیس خالصتاً سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے۔
پرویز الہیٰ کی جانب سے ایڈووکیٹ عامر سعید راں اور فرمان منیس پیش ہوئے اور اپنے دلائل میں کہا کہ پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے پرنسپل سیکریٹری کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پرویز الہیٰ کی ضمانت منظور کر لی جو اس وقت جیل میں ہیں۔
پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام اور شفاف انتخابی عمل یقینی بنانے کی ضرورت ہے، امریکہ