سنی اتحاد کونسل کے شبیر قریشی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر مقرر
پاکستان تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکنِ سندھ اسمبلی شبیر قریشی ایوان میں پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیے گئے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو تقرر نامہ بھیج دیا۔
پی ٹی آئی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے رکن سندھ اسمبلی ریحان راجپوت کو ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
دس رکنی سندھ کابینہ آج حلف اٹھائے گی
- By محمد ثاقب
دس رکنی سندھ کابینہ آج حلف اٹھائے گی۔ گورنر کامران ٹیسوری کابینہ ارکان سے حلف لیں گے۔
کابینہ ارکان کی تقریبِ حلف برداری آج شام پانچ بجے گورنر ہاؤس میں ہوگی۔پہلے مرحلے میں کابینہ میں آٹھ وزرااور دو مشیر شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
حلف اٹھانے والے وزرا میں ناصر حسین شاہ، سعید غنی، شرجیل میمن، عذرا فضل پیچوہو، جام خان شورو، سردار شاہ، ضیا لنجار اور محمد بخش مہر شامل ہیں۔تاہم اب تک مشیروں کے نام سامنے نہیں آئے ہیں۔
پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر پابندی لگادی
راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کوریج پر پابندی لگا دی ہے۔
پولیس نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیرئیر اور جیل کے باہر میڈیا کیمروں والی جگہ پر قناتیں لگادی ہیں۔
پولیس کی جانب سے میڈیا کوریج پر پابندی ایسے موقع پر لگائی گئی ہے جب اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کا دن ہے۔
مقامی میڈیا کے نمائندے عمران خان سے ملنے کے لیے آنے والوں کے انٹرویوز کرتے ہیں۔
ملتان: تین منزلہ عمارت گرنے سے 9 افراد ہلاک
ملتان میں تین منزلہ عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
سرکاری عہدیدار رضوان قدیر کے مطابق تین منزلہ رہائشی عمارت جمعے کی علی الصباح قریبی مکانات پر گر گئی اور حادثے میں مجموعی طور پر نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
عہدیدار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار کا تعلق ایک ہی گھرانے سے تھا۔