رسائی کے لنکس

'ہمارے نمبر پورے نہیں ہوتے تو اتحاد کے بجائے اپوزیشن میں بیٹھیں گے'

مسلم لیگ (ن) کے وفد نے بلاول ہاؤس لاہور کا دورہ کیا ہے اور پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اس کے آزاد امیدوار دو روز میں کسی جماعت میں شامل ہو جائیں گے۔

16:41 11.2.2024

مسلم لیگ (ن) سے حکومت سازی پر کوئی بات نہیں ہوئی: ایم کیو ایم

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت سے حکومت سازی پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

مسلم لیگ (ن) کے وفد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومت سازی سے پہلے بیٹھ کر کوئی لائحہ عمل طے کرنا ہو گا۔ حکومت بننے کے بعد ان کا کیا حصہ ہو گا یا نہیں، یہ آگے کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلسل معاشی بحران سمیت دیگر بحرانوں سے گرز رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) سے ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے بات ہوئی۔

خالد مقبول کا مزید کہنا تھا کہ نواز لیگ قیادت سے سیاسی اور مالیاتی استحکام پر بات ہوئی ہے ، ان کے بقول ہمیں سیاسی مفادات کو ختم کرنا ہو گا۔

16:23 11.2.2024

لاہور میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 15 افراد زیرِ حراست

پنجاب پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے پندرہ کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاء الرحمٰن کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنان اتوار کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف زمان پارک، لبرٹی مارکیٹ اور باغبان پورہ سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں اکٹھا ہونا شروع ہوئے تھے کہ وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت کسی کو بھی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست میں لیا ہے۔

پولیس نے احتجاج کے پیشِ نظر لاہور کی مختلف شاہراہوں پر نفری، قیدیوں کو لے جانے والی گاڑیاں اور واٹر کینن تیار رکھی ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے مبینہ دھاندلی کے خلاف اتوار کو مختلف شہروں میں پُر امن احتجاج کی کال دی تھی جسے بعد ازاں ملتوی کردیا گیا تھا۔

15:12 11.2.2024

بلوچستان اسمبلی کی سات نشستوں پر دوبارہ گنتی کا حکم

الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کی سات نشستوں پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

صوبائی اسمبلی کی جن نشستوں پر دوبارہ گنتی ہوگی ان میں کوئٹہ کی تین نشستیں پی بی 40، پی 41 اور پی بی 43 شامل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ پشین کی دو نشستوں پی بی 48 اور پی بی 49 پر دوبارہ گنتی ہو گی۔

قلعہ عبد اللہ کی نشست پی بی 50 اور چمن کی نشست پی بی 51 پر بھی دوبارہ گنتی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

15:03 11.2.2024

جن علاقوں میں یہ لوگ ہار گئے، وہاں دھاندلی ہوئی ہے: عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ( ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ یہ عجیب بات ہے کہ جہاں راناثنا اللہ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، وہاں الیکشن شفاف ہوئے لیکن جہاں یاسمین راشد ہار جاتی ہیں، وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ سعد رفیق کے حلقے میں شفاف الیکشن ہوا ہے لیکن جن علاقوں میں یہ لوگ ہار گئے، وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG