رسائی کے لنکس

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد اراکین کس پارٹی میں شامل ہوں گے؟ حکومت سازی کے لیے رابطے شروع

پاکستان کی قومی اسمبلی کی 265 میں سے 257 نشستوں کے عبوری نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے اور مزید7 نشستوں کے نتائج کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

13:15 10.2.2024

میران شاہ میں فائرنگ سے محسن داوڑ زخمی

شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں فائرنگ سے نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ محسن داوڑ زخمی ہو گئے ہیں۔

محسن داوڑ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 140 سے امیدوار ہیں اور وہ اپنے حامی افراد کے ہمراہ انتخابی نتیجے میں تاخیر پر میران شاہ کینٹ گیٹ کے سامنے احتجاج کر رہے تھے۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق احتجاج کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے محسن داوڑ زخمی ہو گئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

12:48 10.2.2024

انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 48.2 فی صد رہا: فافن

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے متعلق ابتدائی مشاہدہ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ووٹر ٹرن آؤٹ 48.2 فی صد رہا۔

فافن کے مطابق پاکستان میں لگ بھگ چھ کروڑ افراد نے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور 16 لاکھ بیلٹ پیپرز مسترد ہوئے جب کہ گزشتہ انتخابات میں بھی اتنے ہی ووٹ مسترد ہوئے تھے۔

فافن کی رپورٹ کے مطابق 25 حلقوں میں مسترد ووٹوں کا مارجن جیت کے مارجن سے زیادہ تھا جب کہ 63 فی صد پولنگ اسٹیشنز پر زیادہ ووٹر تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ فافن نے ملک بھر میں پانچ ہزار 664 مبصرین ملک تعینات کیے تھے اور 28 فی صد پولنگ اسٹیشنز پر افسران نے فارم 45 کی کاپی مبصرین کو نہیں دی جب کہ آر او آفس میں مبصرین کو جانے نہیں دیا گیا۔

فافن کے مطابق فارم 45 کی کاپی 29 فی صد پولنگ اسٹیشنز کے باہر آوایزں نہیں کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ابتدائی انتخابی نتائج کی تیاری اور اعلان میں الیکشن کمیشن کی جانب سے تاخیر کی جو بھی وجوہات اور وضاحتیں ہوں لیکن اس نے انتخابات کے منظم انعقاد کو گہنا دیا، جس سے انتخابی نتائج کی ساکھ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

فافن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ انتخابات کے انعقاد سے بے یقینی کا دور بند ہوگیا ہے، تاہم امیدواروں کی جانب سے شکایات کو الیکشن کمیشن کو جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔

11:56 10.2.2024

نو مئی مقدمات: عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور

راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایک درجن مقدمات میں ضمانت منظور کر لی ہے۔

اے ٹی سی عدالت کے جج جسٹس اعجاز آصف نے نو مئی واقعات سے متعلق عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمات کی سماعت کی۔

عدالت نے فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی 12 اور شاہ محمود قریشی کی 13 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔

11:35 10.2.2024

پی ٹی آئی کا اہم اجلاس پشاور میں طلب

عام انتخابات میں آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریکِ انصاف نے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنما اسد قیصر، بیرسٹر گوہر اور علی محمد خان سمیت دیگر رہنما ہفتے کو پشاور میں منعقد کیے جانے والے اجلاس میں شریک ہوں گے۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنما آئندہ وفاقی اور صوبائی حکومت بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے جب کہ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد پر بھی غور کیا جائے گا ۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG