سندھ اسمبلی کے نتائج مکمل، پیپلز پارٹی حکومت بنانے کی پوزیشن میں
الیکشن کمیشن نے سندھ کی صوبائی اسمبلی کی تمام 130 نشستوں کے عبوری نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 84 نشستیں جیت کر سب سے آگے ہے جب کہ متحدہ قومی موومنٹ نے 28 اور تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 14 نشستوں پر کامیاب حاصل کی ہے۔
سندھ اسمبلی میں جماعتِ اسلامی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے دو، دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
پنجاب اسمبلی کی ایک نشست کا نتیجہ آنا باقی، پارٹی پوزیشن دلچسپ ہو گئی
الیکشن کمیشن نے پنجاب کی 295 میں سے 294 نشستوں کے عبوری نتائج جاری کر دیے ہیں اور ایک نتیجے کا اعلان ہونا باقی ہے۔
عبوری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے 131 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ 126 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ہیں۔ صوبے میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور تحریکِ انصاف کے درمیان زبردست مقابلہ ہو گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب سے 10، مسلم لیگ ق 8، استحکامِ پاکستان پارٹی، تحریکِ لبیک اور مسلم لیگ ضیا نے صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔
قومی اسمبلی کی 15 نشستوں کے نتائج کا انتظار
پاکستان کی قومی اسمبلی کی 265 میں سے 250 نشستوں کے عبوری نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے اور مزید 15 نشستوں کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اب تک جاری کردہ نتائج کے مطابق آزاد امیدوار 99 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن 71 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 53، متحدہ قومی موومنٹ 17، پاکستان مسلم لیگ تین، استحکامِ پاکستان پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان 2،2 جب کہ مجلس وحدت المسلمین، بلوچستان نیشنل پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ضیا نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد اب تک مکمل نتائج سامنے نہیں آئے ہیں جب کہ بعض جماعتیں انتخابات میں دھاندلی کے الزامات بھی عائد کر رہی ہیں۔