رسائی کے لنکس

بغاوت پر اکسانے کا کیس: سندھ ہائی کورٹ کا شہباز گل کو گرفتار نہ کرنے کا حکم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے فوج مخالف بیانات کے معاملے میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنماشہبازگل کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی یا انہیں گرفتار کرنے سے حکام کو روک دیا ہے۔

شہباز گل کے خلاف فوج کے خلاف نازیباالفاظ استعمال کرتے ہوئے عوام کواکسانے کا الزام ہے۔ اس ضمن میں ان کے خلاف کراچی کے تھانہ رضویہ، سرجانی اور بریگیڈ سمیت تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

پیر کو جسٹس صلاح الدین پہنور کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو اس موقع پر درخواست گزارکے وکیل انورمنصورخان نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک جرم میں مختلف تھانوں میں مقدمات درج نہیں ہو سکتے۔

درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے بیان سے متعلق لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں مقدمہ درج ہوچکا ہے۔اس لیے ایک واقعہ کا ایک ہی مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے، کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے مختصر دلائل سننے کے بعد پولیس کو شہباز گل کی گرفتاری اور ان کے خلاف مزید مقدمات قائم کرنے سے روک دیا۔ کیس کی مزید سماعت 12جنوری تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہو گا

قومی سلامتی کمیٹی کے جمعے کو ہونے والے اجلاس کے دوران مختلف امور پر مشاورت۔
قومی سلامتی کمیٹی کے جمعے کو ہونے والے اجلاس کے دوران مختلف امور پر مشاورت۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس پیر کو دوبارہ وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شریک ہوں گی۔

جمعے کو ہونے والے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور نہ ہی کسی کو قومی سلامتی کے کلیدی تصور کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیں گے۔

پیر کو ہونے والے اجلاس سے متعلق مقامی ذرائع ابلاغ کا بتانا ہے کہ اس اجلاس میں معیشت اور سیکیورٹی صورتِ حال پر کی جانے والی تجاویز پر فیصلے متوقع ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے کہ جب حالیہ عرصے کے دوران خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے جب کہ افغانستان کے ساتھ سرحد پر بھی کشیدگی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسکولز کھل گئے

فائل فوٹو
فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں ایک ہفتے کی تعطیلات کے بعد تمام اسکول کھل گئے ہیں۔

محکمۂ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے کے میدانی علاقوں میں سردی کی لہر میں غیر معمولی اضافے کے پیشِ نظر 25 دسمبرسے یکم جنوری تک چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔

میدانی علاقوں میں چھٹیاں مکمل ہونے کے بعد تمام سرکاری و نجی اداروں میں تدریسی عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ تاہم پہاڑی علاقوں کے اسکولز 25 دسمبر سے 15 فروری 2023 تک بند رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG