شیخ حسینہ کی حکومت کے آئی ٹی وزیر کو بیرونِ ملک جانے سے روک دیا گیا
بنگلہ دیش کی سابقہ حکومت میں وزیرِ مملکت برائے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی رہنے والے جنید احمد پلک کو بیرونِ ملک جانے سے روک دیا گیا ہے۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق جنید احمد کو ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے امیگریشن سے قبل ہی روک دیا گیا تھا۔
فوجی حکام کے مطابق ایئرپورٹ کے عملے کی نشان دہی پر نیپال جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے والے جنید احمد اور ان کے دو معاونین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش میں مظاہروں کے بعد کوٹہ سسٹم میں آنے والی تبدیلی
بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے رواں سال جولائی میں سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے جو کوٹہ سسٹم بحال کیا تھا، اس کی تفصیل کچھ یوں تھی:
30 فی صد | جنگِ آزادی میں حصہ لینے والے افراد کے لواحقین |
10 فی صد | پسماندہ علاقوں کے رہائشی |
10 فی صد | خواتین |
05 فی صد | اقلیتیں |
01 فی صد | جسمانی معذوری کا شکار افراد |
44 فی صد | میرٹ |
طلبہ کے شدید احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے 93 فی صد ملازمتیں میرٹ پر دینے کا حکم دیا تھا۔ جس کے بعد کوٹہ سسٹم کی تفصیل کچھ یوں ہے:
05 فی صد | جنگِ آزادی میں حصہ لینے والے افراد کی لواحقین |
02 فی صد | اقلیتیں، خواجہ سرا اور معذور افراد |
93 فی صد | میرٹ |
بنگلہ دیش کی فوجی قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، ایک میجر جنرل سبکدوش
بنگلہ دیش کی فوج نے اعلیٰ عہدوں پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں اور تقریریاں کی ہیں جب کہ ایک میجر جنرل کو سبکدوش کردیا ہے۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق میجر جنرل ضیا الاحسن کو سبکدوش کردیا گیا ہے۔ میجر ضیا بنگلہ دیش کے نیشنل کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر(این ٹی ایم سی) کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔
اعلامیے کے مطابق لیفٹننٹ جنرل سیف الاسلام کو وزارتِ خارجہ میں تعینات کیا گیا ہے جب کہ لیفٹننٹ جنرل مجیب الرحمان کو جی او سی آرمی ٹریننگ اور ڈاکٹرائن کمانڈ مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لیفٹننٹ جنرل تبریز شمس کو کوارٹر جنرل آرمی، لیفٹننٹ جنرل میزان الرحمان کو چیف جنرل اسٹاف اور لیفٹننٹ جنرل شاہین الحق کو کمانڈنٹ این ڈی سی تعینات کیا گیا ہے۔
بھارت کا بنگلہ دیش میں امن و امان کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار
بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئےہیں اور وہاں امن و امان کی صورتِ حال میں بہتری آنے تک ہمیں گہری تشویش رہے گی۔
جے شنکر نے بھارت کے ایوانِ بالا راجیہ سبھا کو بریفنگ دیتے ہوئے پہلی بار اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ مستعفی ہونے والی بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ بھارت میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ نے مستعفی ہونے کے بعد بھارت آنے کی اجازت مانگی جس کے بعد وہ بھارت پہنچی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پیر کو بنگلہ دیش میں اقلیتی کمیونیٹیز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
بھارتی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بعض تنظیموں کی اور گروپس کی جانب سے اقلیتیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات بھی کیے گئے ہیں جنھیں ہم سراہتے ہیں۔ تاہم حالات معمول پر آنے تک بھارت کو بنگلہ دیش کی صورتِ حال پر تشویش رہے گی۔