بنگلہ دیش کی فوجی قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں، ایک میجر جنرل سبکدوش
بنگلہ دیش کی فوج نے اعلیٰ عہدوں پر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں اور تقریریاں کی ہیں جب کہ ایک میجر جنرل کو سبکدوش کردیا ہے۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق میجر جنرل ضیا الاحسن کو سبکدوش کردیا گیا ہے۔ میجر ضیا بنگلہ دیش کے نیشنل کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر(این ٹی ایم سی) کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔
اعلامیے کے مطابق لیفٹننٹ جنرل سیف الاسلام کو وزارتِ خارجہ میں تعینات کیا گیا ہے جب کہ لیفٹننٹ جنرل مجیب الرحمان کو جی او سی آرمی ٹریننگ اور ڈاکٹرائن کمانڈ مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ لیفٹننٹ جنرل تبریز شمس کو کوارٹر جنرل آرمی، لیفٹننٹ جنرل میزان الرحمان کو چیف جنرل اسٹاف اور لیفٹننٹ جنرل شاہین الحق کو کمانڈنٹ این ڈی سی تعینات کیا گیا ہے۔
بھارت کا بنگلہ دیش میں امن و امان کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار
بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک بنگلہ دیش کی صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئےہیں اور وہاں امن و امان کی صورتِ حال میں بہتری آنے تک ہمیں گہری تشویش رہے گی۔
جے شنکر نے بھارت کے ایوانِ بالا راجیہ سبھا کو بریفنگ دیتے ہوئے پہلی بار اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ مستعفی ہونے والی بنگلہ دیشی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ بھارت میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ نے مستعفی ہونے کے بعد بھارت آنے کی اجازت مانگی جس کے بعد وہ بھارت پہنچی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پیر کو بنگلہ دیش میں اقلیتی کمیونیٹیز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
بھارتی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بعض تنظیموں کی اور گروپس کی جانب سے اقلیتیوں کے تحفظ کے لیے اقدامات بھی کیے گئے ہیں جنھیں ہم سراہتے ہیں۔ تاہم حالات معمول پر آنے تک بھارت کو بنگلہ دیش کی صورتِ حال پر تشویش رہے گی۔
سابق وزیرِ اعظم خالدہ ضیا رہا
بنگلہ دیش کی سب سے بڑی حزبِ اختلاف کی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کی چیئرپرسن خالدہ ضیا کو رہا کر دیا گیا ہے۔ وہ گزشتہ کئی برس سے گھر میں نظر بند تھیں۔
بنگلہ دیش کے مقامی اخبار ' دی ڈیلی اسٹار' کے مطابق صدارتی آفس نے خالدہ ضیا کی رہائی سے متعلق پریس ریلیز جاری کی ہے۔
صدارتی دفتر کے مطابق صدر محمد شہاب الدین نے مسلح افواج کے سربراہان، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی اور طلبہ تحریک کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد خالدہ ضیا کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔
بنگلہ دیشی صدر نے پارلیمنٹ تحلیل کر دی
بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے طلبہ رہنماؤں کی اپیل کر پارلیمنٹ تحلیل کر دی ہے۔
بنگلہ دیش میں احتجاجی تحریک کے طلبہ رہنماؤں نے صدر کو پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے لیے منگل کی دوپہر تین بجے تک کا الٹی میٹم دیا تھا۔ مقرررہ وقت سے قبل ہی صدارتی آفس نے پارلیمنٹ کی تحلیل کا آرڈر جاری کر دیا ہے۔